اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کرپشن کے خاتمے کی پالیسی سے کسی صورت پیچھے نہ ہٹیں گے، جو کوئی کرپشن کے معاملات پر مٹی ڈالنے کی کوشش کرے، مجھے بتائیں، موجودہ حکومت کی کرپشن کو بھی بے نقاب کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے جمعرات کو پبلک اکائونٹس کمیٹی کے حکومتی ارکان نے ملاقات کی، جس میں ریاض فتیانہ اور نور عالم خان نے پی اے سی کی کارکردگی سے متعلق وزیراعظم کو بتایا۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومتوں میں ہونے والی بے ضابطگیوں سے متعلق تیاری کے ساتھ اجلاس میں جائیں، پبلک اکائونٹس کمیٹی عوام کے ٹیکس کے پیسے کا محافظ فورم ہے، لیکن اس میں کرپشن کی نشاندہی کے موثر نتائج سامنے نہیں آئے۔ کمیٹی ارکان کا کہنا تھا کہ پبلک اکائونٹس کمیٹی صرف آڈٹ پیروں کو دیکھتی ہے، ایف آئی اے اور نیب جیسے اداروں کی کمزوری کے باعث کرپشن کیسز منطقی انجام کو نہیں پہنچتے۔ وزیراعظم نے کمیٹی ارکان کو پی اے سی اجلاسوں میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن رہنما اپنے دور میں ہونے والی بے ضابطگیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں، آپ لوگوں کا بہت اہم کردار ہے، زیادہ فعال اور حکومتی اقدامات کو زیادہ اجاگر کرنے میں کردار ادا کریں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ آپ سب سینیئر سیاستدان ہیں آپ سے کرپشن سے متعلق کیسز کو ہائی لائٹ کرنے کی توقع ہے، سابقہ حکومت کی کرپشن کے کیسز کو منظر عام پر لایا جائے، موجودہ دور حکومت کی کرپشن کو بھی بے نقاب کریں، کرپشن کو سپورٹ کرنے والے کسی سے رعایت نہ برتی جائے۔ کرپشن کے خاتمے کی پالیسی سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے‘ کرپشن کرنے والا جو کوئی بھی ہے قانون کی گرفت میں لائیں۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت احساس راشن پروگرام سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر، مشیر خزانہ شوکت فیاض ترین، وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید، ڈاکٹر شہباز گل اور متعلقہ سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ احساس راشن پروگرام کے تحت ماہانہ لاکھوں روپے کی سبسڈی دی جاتی ہے، دو کروڑ گھرانوں کو آٹا، گھی اور دالوں پر1000 دیے جائیں گے جن کی ماہانہ آمدنی 50000 روپے سے کم ہے، پروگرام رواں ماہ دسمبر کو ملک بھر میں شروع کیا جائے گا، پروگرام کے تحت کریانہ سٹورز کی رجسٹریشن جاری ہے، اور اب تک 15000 سے زیادہ کریانہ سٹورز رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ملک میں زیادہ سے زیادہ غریب گھرانوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے رجسٹریشن کے عمل کو تیز کیا جائے، کریانہ سٹورز اور ممکنہ فائدہ اٹھانے والوں میں بیداری پیدا کرنے کے لئے ضلعی حکومت کے حکام کو بھی شامل کیا جائے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کی تکالیف دیکھتے ہوئے غریب ترین لوگوں کو اشیائے ضروریہ پر سبسڈی دے رہے ہیں۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے ملک کے سب سے بڑے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام لانچ کرنے کی منظوری دیدی۔ اس سلسلے میں وزیراعظم نے ایک بار پھر نوجوانوں سے خطاب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان سے عثمان ڈار نے ملاقات کی۔ کامیاب جوان سپورٹس ڈرا شو 6 دسمبر کو لانچ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ملک بھر میں کرکٹ‘ ہاکی‘ فٹبال سمیت 12 کھیلوں کا ٹیلنٹ ہنٹ کیا جائے گا۔ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کیلئے 4 صوبوں کو 24 ریجن میں تقسیم کر دیا گیا ملک بھر کی جامعات میں ہائی پرفارمنس سینٹرز بھی بنائے جائیں گے۔