لاہور(سپیشل رپورٹر) معروف مصنف، شاعر اور ماہر تعلیم مرحوم کرنل (ر) ڈاکٹر محمد حامد کے اعزاز میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ لیفٹیننٹ کرنل (ر) خاور ایوب نے ڈاکٹر حامد کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت کی۔ ڈاکٹر حامد مرحوم کے بیٹے محمد ہشام نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور انہیں ڈاکٹر حامد کے جاری مختلف سماجی اور ادبی منصوبوں کے بارے میں بتایا۔انہوں نے کہا کہ کرنل (ر)ڈاکٹر محمد حامد امام شامل ،عثمان دقنہ، سائبریا سے افغانستان، سرگزشت مجاہد، بھارت اسرائیل تعلقات، افکار اقبال سمیت بیسیوں کتابوں کے مصنف تھے۔ ڈاکٹر خالد حمید شیخ (سابق وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی) نے ڈاکٹر حامد کے ادبی اور سماجی کاموں کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی ابتدائی زندگی اور مختلف موضوعات پر ان کی باہمی نشستوں کا احوال سنایا۔ شعیب بن عزیز (شاعر اور سابق ڈی جی پی آر پنجاب) نے ڈاکٹر حامد کی شاعری کے پہلو پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر تحسین فراقی (معروف مصنف اور ماہر اقبالیات) نے اقبالیات پر ڈاکٹر حامد کے کام پر روشنی ڈالی۔ میجرآفتاب (معروف مصنف سابق چیف وزیر اعلی پنجاب معائنہ ٹیم) نے کہا کہ ڈاکٹر حامد نے پاکستان ملٹری اکیڈمی میں نوجوان فوجی کیڈٹس کو تربیت دی ۔ ڈاکٹر مظہر معین ( ڈائریکٹر ادارہ ثقافت اسلامی) نے ڈاکٹر حامد کے فتاویٰ عالمگیری کے انگریزی ترجمہ کے منصوبے کو شائع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈاکٹر فرید پراچہ (نائب امیر جماعت اسلامی) نے اپنے کالج کے دنوں میں ڈاکٹر حامد کی یادداشتوں کو تازہ کیا۔
معروف مصنف،شاعر کرنل (ر) ڈاکٹر محمد حامد مرحوم کے اعزاز میں تعزیتی ریفرنس
Dec 03, 2021