کوئٹہ(پی پی آئی) پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنمااورسابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھرے گی ہمارے خواب پڑھا لکھا بلوچستان ہے قلات کی حالت زار دیکھ کر مجھے ذاتی طور پر دکھ ہواہے ،پہلے بھی لوگوں کی خدمت کی ہے اور مستقبل میں بھی سلسلہ جاری رہے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے سابق صدر علی مدد جتک ودیگر رہنمابھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ برسراقتدار آکر نہ صرف قلات بلکہ بلوچستان کے عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے میں بھرپور طورپر اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائینگے۔ انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم بھی پیپلزپارٹی کا ملک کے عوام کو تحفہ ہے اٹھارہویں ترمیم کے تحت تمام اختیارات صوبوں کو منتقل ہوئے ہیں۔