لاہور (نامہ نگار) بیدیاں روڈ پر تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی کی 2 موٹرسائیکلوںکو ٹکر، باپ، بیٹے سمیت3 افراد کو کچل دیا، ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق بیدیاں روڈ پر ایلیٹ پولیس ٹریننگ سنٹر کے سامنے تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے دو موٹر سائیکلوں کو ٹکر مار دی۔ جس سے موٹر سائیکل سوار60 سالہ محمد امین اور اس کا 22 سالہ بیٹا محمد حسین جبکہ دوسری موٹر سائیکل پر 32 سالہ محمد زمان مقصود موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر تینوں نعشیں قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کرا دیں۔ متوفی محمد امین اور اس کا بیٹا محمد حسین کیرکے گاؤں کے رہائشی تھے اور موٹر سائیکل پر لدھڑ گاؤں جارہے تھے جبکہ متوفی محمد زمان شکرگڑھ کا رہائشی تھا۔ پولیس کے مطابق فرار ہونے والے ڈرائیور کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
3 افراد جاں بحق