گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)معدہ اور غذائی نالی میںتیزابیت کا الٹا بہائو جو عرف عام میں ’’تیزابیت‘‘ یا ’’گریڈ‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس میں ہر آنے والے دن کے ساتھ تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔ جس کی بنیادی وجہ ہمارا جنک فوڈ کھانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار معروف معالج و کنسلٹنٹ فزیشن ڈاکٹر احمد اعجازنے سکندر میڈیکل کمپلیکس تا چندا قلعہ منعقدہ واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ روز مرہ زندگی میں ہم اس قدر مصروف ہوچکے ہیں کہ ہمارے پاس اپنے آپ کو صحتمند رکھنے کیلئے ایکسرسائز یا واک کرنے کا بھی ٹائم نہیں جس کی وجہ سے تبخیر معدہ اور تیزابیت کے مریضوں کی تعداد میںتیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے اور اگر اس کو وقت پر قابو نہ کیا جائے تو یہ آگے چل کر معدہ کے السر کی شکل اختیار کرلیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم رات کو دیر تک جاگنے کے علاوہ اکثر کھانا کھاتے ہی سو بھی جاتے ہیں جس سے وہ کھانا ہضم نہیں ہوتا اور تیزاب کی شکل اختیار کر لیتا ہے۔ انہوں نے شرکاء کو کہا کہ ہمیں چاہیے کہ اپنے روز مرہ کے معمولات زندگی میں واک اور متوازن خوراک کا خیال رکھیں تاکہ ایسی کسی بھی بیماری کا شکار نہ ہوں۔
جنک فوڈ کی وجہ سے تیزابیت کے مریضوں میں اضافہ ہورہا ہے: ڈاکٹر احمد اعجاز
Dec 03, 2021