لاہور(آئی ا ین پی ) لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کے پیش نظر تمام سرکاری اور پرائیویٹ سکولز کو تین دن بند کرنے کا عندیہ دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کے تدارک کے حوالے سے درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس شاہد کریم ہارون فاروق سمیت دیگر نے درخواستوں پر سماعت کی، عدالت نے سموگ کے پھیلا پر تشویش کا اظہار کیا۔ جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سموگ کی صورتحال دن بدن بگڑ رہی ہے، پنجاب حکومت سنجیدہ نہیں لگ رہی، ہمیں اس حوالے سے بین الاقوامی ماہرین کی ضرورت ہے۔ عدالت میں دوران سماعت جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ سموگ کے پیش نظر تمام سرکاری اور پرائیویٹ سکول ہفتے میں تین روز بند جبکہ دو روز ورک فار ہوم کرنا پڑے گا، متعلقہ منسٹرز سے رابطہ کر کے بتائیں، اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کرا دیتے ہیں، محکمہ ماحولیات نے بھٹوں صنعتوں کے حوالے سے رولز بنانے تھے، رولز بنائیں کہ اب بھٹہ یا فیکٹری سیل نہیں ہوگی بلکہ اسے گرایا جائے گا، بھٹہ مالکان اور فیکٹری مالکان کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کیے جائیں۔ عدالت نے محکمہ ماحولیات کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت تک رولز بنا کر پیش کریں، ہم آئندہ منگل کو دوبارہ سماعت کریں گے۔
لاہور ہائیکورٹ کا سموگ کے پیش نظر ہفتے میں تین دن سکولز بند کرنے کا عندیہ
Dec 03, 2022