اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس میں سزاکے خلاف شعیب شیخ اور دیگر کی اپیلوں پر سماعت ہوئی۔ شعیب شیخ کی جانب سے ایف آئی اے کے پرائیویٹ پراسیکیوٹر کے خلاف درخواست پر وفاق کو نوٹس جبکہ شریک مجرم نائجل برائن روبیلو کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔گذشتہ روز سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل اور ایف آئی اے پراسیکیوٹر اشفاق نقوی کے علاوہ شعیب شیخ اپنے وکیل لطیف کھوسہ کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے، چیف جسٹس نے کہاکہ اپیل کنندہ نائجل برائن روبیلو کہاں کا شہری ہے؟ بیرون ملک تو نہیں چلا گیا؟ جس پر ایف آئی اے حکام نے بتایاکہ نائجل برائن روبیلو پاکستانی شہری ہے، وہ سویڈن جا چکا ہے۔اس موقع پر معاون وکیل نے استدعا کی کہ شعیب شیخ کے وکیل عابد زبیری سپریم کورٹ میں مصروف ہیں، لمبی تاریخ دے دیں،جس پر چیف جسٹس نے کہاکہ آپ نامناسب استدعا نہ کریں، 2018 سے ضمانت پر ہیں، کیس کو چلنے دیں، چیف جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ یا پھر ایسا کرتے ہیں کہ سزا معطلی اور ضمانت کا حکم واپس لے کر دو سال کی تاریخ دے دیتے ہیں،ایک اور ہائی پروفائل کیس تھا، ہم نے اس کو بھی سنا،مریم نواز اور نواز شریف کے کیس میں بھی ایسا ہوا کہ جو نہیں آیا اس کا کیس الگ کر دیا۔کیس کی سماعت 7 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔
جعلی ڈگری کیس: شریک ملزم برائن روبیلو کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری
Dec 03, 2022