لاہور (خصوصی نامہ نگار)ترجمان وزیر اعلیٰ و پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ چیئر مین عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو اداروں پر تنقید نہ کرنے کی ہدایات کی ہیں۔اداروں کے خلاف نہ ہم پہلے تھے نہ مستقبل میں ان کے خلاف کسی مہم کا حصہ بنیں گے۔انہوں نے کہا کہ کسی فرد کے بارے میں ہمیں آئین اور قانون اپنی رائے رکھنے کا حق دیتا ہے۔میرا مؤقف پارٹی پالیسی کے مطابق ہے۔میری تقریر پر مخالفین کی جانب سے پراپیگنڈا کیا گیا کہ میں نے اداروں کے خلاف بات کی ہے۔ ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ پی ڈی ایم ٹولے کی پنجاب حکومت کی صفوں میں دراڑیں ڈالنے کی کوشش ناکام ہو گئی ہے۔آصف زرداری خود کو بہت بڑا سیاسی گروگردانتے ہیں لیکن پنجاب سے پیپلز پارٹی کا صفایا انہی موصوف کا مرہون منت ہے جو کام ڈکٹیٹرز نہ کر سکے وہ آصف زرداری نے اپنی پارٹی کیلئے کیا۔ اس سے قبل مسرت جمشید چیمہ کے ہمراہ اقلیتی وفد نے عمران خان سے ملاقات کی۔چیئرمین عمران خان نے بین المذاہب ہم آہنگی میں اقلیتی وفد کے ممبران کی کاوشوں کو سراہا۔