بھارت گجرات قتل عام کی طرح پھر فرقہ ور انہ نفرت بڑھا رہا ہے، پاکستان 

اسلا م آباد (خصوصی نامہ نگار) ترجما ن دفتر خا رجہ ممتاز زہرہ بلو چ نے کہا ہے کہ 2002ء  میں بھارتی ریاست گجرات میں بی جے پی نے سیاسی فائدے کے لیے مسلمانوں کا قتل عام کیا اور بیس سال بعد ایک بار پھر بی جے پی سیاسی فائدے کے لئے فرقہ ورانہ نفرت کو ہوا دے رہی ہے جس کا مقصد گجرات کے آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ واربریفنگ میں کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے 25 سے 26 نومبر تک ترکیہ کا دورہ کیا،  وزیراعظم نے ترکیہ کے صدر کے ساتھ ون آن ون اور وفود کی سطح پر بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے، تجارتی اور اقتصادی روابط بڑھانے اور سٹریٹجک ڈائیلاگ اور دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا، حال ہی میں ٹریڈ اینڈ گڈز معاہدہ پر دستخط سے دوطرفہ تجارت کے حجم کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔ترجمان نے کہا کہ وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے 29 نومبر کو افغانستان کا ایک روزہ دورہ کیا،  دیگر عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں۔ وزیر مملکت برائے امور خارجہ نے دورہ کے دوران ایک پرامن، خوشحال، مستحکم اور منسلک افغانستان کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا  افغانستان میں امن و استحکام پاکستان کے مفاد میں ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ فریقین نے علاقائی رابطوں کو بڑھانے کے بارے میں یکساں خیالات کا اظہار کیا جس میں کاسا 1000 اور تاپی گیس پائپ لائن جیسے منصوبے شامل ہیں۔ پاکستان افغانستان کو صحت کی دیکھ بھال تک رسائی اور علاج کے لیے پاکستان آنے والوں کو سہولت فراہم کرے گا۔ ترجمان نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ بھارت کو فرقہ ورانہ تشدد کے لیے جاری اشتعال کو ختم اور گودھرا کے ہولناک واقعہ اور گجرات فسادات میں ملوث مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے ایک آزاد تحقیقاتی کمیشن تشکیل دینا چاہئے۔ ترجمان نے کہا کہ 6 دسمبر کو بی جے پی آر ایس ایس کے انتہا پسندوں کے ہاتھوں تاریخی بابری مسجد کی شہادت کے 30 سال مکمل ہو رہے ہیں، جس سے اس بات کا اظہار ہوتا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں کے لیے جگہ محدود ہوگئی ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی دہلی کی عدالت کی طرف سے ایک من گھڑت کیس میں پانچ بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو عمر قید کی سزا سنائے جانے کے فیصلے پر بھی شدید تشویش ہے، ان نوجوان کشمیریوں کو ان کے کشمیری پس منظر کی وجہ سے انصاف سے محروم رکھا گیا۔ترجمان نے کہا کہ یہ کیس دیگر بے شمار لوگوں کی طرح کشمیریوں کی آواز کو دبانے اور انہیں ان کے حقوق سے محروم کرنے کی بھارت کی جاری مہم کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مودی حکومت کے آر ایس ایس کے ہندوتوا ایجنڈے پر عمل پیرا ہے  ترجمان نے کہا کہ بھارت نے اپنے تازہ ترین اقدام میں مقبوضہ کشمیر کی انتخابی فہرستوں میں سات لاکھ سے زیادہ نئے ووٹرز کا اضافہ کیا ہے، ان نام نہاد نئے ووٹرز کی اکثریت غیر کشمیری اور بھارتی افواج کے ریٹائرڈ اہلکاروں کی ہے، اس اقدام کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو انتخابات میں فائدہ پہنچانا ہے۔ترجمان نے کہا کہ بھارت کا یہ اقدام چوتھے جنیوا کنونشنز کی واضح خلاف ورزی ہے۔ ترجمان نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں کو ختم اور 5 اگست 2019 کے اپنے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو منسوخ اور حقیقی کشمیری رہنماؤں سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...