اسلام آباد(نا مہ نگار)یونیسف کے انسداد پولیو پروگرام گلوبل ڈائریکٹر سٹیون لائوویریئر نے کہا ہے کہ وہ پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لئے پرامید ہیں، ہمارے پاس اس وقت پاکستان کے 6 اضلاع ایسے ہیں جن میں پولیو وائرس اب بھی موجود ہے جس کیلئے ہمیں ان اضلاع پر زیادہ توجہ دینی ہے ۔جمعہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ان اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچائوکے قطرے پلانے ہیں تاہم یہ اتنا آسان کام نہیں ہیں لیکن ہم اس کے باوجود بھی ان اضلاع سے پولیو کے خاتمہ کے لئے پر عزم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم پولیو کے خاتمہ کے قریب ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سے پولیو کا خاتمہ کرنے کیلئے ہمیں مزید کوششوں کی ضرورت ہے ، انہوں نے کہا کہ اگر ہم پاکستان سے پولیو کا خاتمہ کرنے میں کامیاب ہوگئے تو یہ گماں کیا جاسکتا ہے کہ ہم دنیا سے اس بیماری کا خاتمہ کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں جو کہ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کی کامیابی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پولیو پروگرام میں چیلنجز یہ ہیں کہ ہمیں ہر بچے تک پہنچنا ہے اس لئے ہم کسی بھی بچے کو باہر نہیں چھوڑ سکتے کیونکہ ایک ایسی بیماری کو ختم کرنا اتنا بھی آسان کام نہیں ہے ، اس کے خاتمہ کیلئے کافی محنت کرنا پڑتی ہے جس کیلئے سب سے مشکل کام لوگوں کو اس بات پر آمادہ کرنا ہوتا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائیں تاکہ اس بیماری کو دنیا سے ختم کیا جا سکے۔
پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لئے پرامید ہیں،یونیسف
Dec 03, 2022