امریکی محکمہ انصاف، ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن کے وفد کی ڈی جی کسٹمز انٹیلی جنس سے ملاقات

Dec 03, 2022


اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)پاکستان، انسداد منشیات کی امریکی ایجنسی، ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن کے تعاون سے اپنی کسٹمز انٹیلی جنس کی تفتیشی صلاحیت کو فروغ دے گا۔ امریکی محکمہ انصاف، ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن کے ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد نے کنٹری اتاشی برائے پاکستان جیفری اے کونوالینکا کی قیادت میں ڈائریکٹر جنرل کسٹمز انٹیلی جنس فیض احمد سے ملاقات کی۔ جمعہ کو جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں ڈی جی نے وفد کو کسٹمز انٹیلی جنس کے بنیادی امور کے بارے میں بتایا اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ یہ ادارہ قابل اعتماد معلومات کی بنیاد پر اپنا کام انجام دیتا ہے۔  اسے معلومات جمع کرنے میں کافی اچھی مہارت حاصل ہے اور اس کی کامیابی کی شرح 90% سے زیادہ ہے۔  تاہم، امریکی حکومت کی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن کے تعاون سے  یقینی طور پر پاکستان کی صلاحیت کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔  اس موقع پر امریکہ کے کنٹری اتاشی نے بتایا کہ امریکی حکومت کی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن 1973 میں قائم ہوئی تھی اور آج اس کے چار ہزار سے زائد ملازمین ہیں جو اپنے مشن کو پورا کرنے کے لیے پورے ملک اور دنیا بھر میں سینکڑوں دفاتر میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے فوری معلومات اکھٹی کرنے اور ضبطی کے بعد معیاری تحقیقات پر ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز انٹیلی جنس کی استعداد کار میں اضافے میں مدد کی یقین دہانی کرائی۔  ملاقات کے دوران دونوں ایجنسیوں کے درمیان بہتر رابطہ کاری کے لئے وقف مواصلاتی چینل کھولنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔  کنٹری اتاشی مسٹر جیفری نے پاکستان اور خطے میں منشیات کی روک تھام کے حوالے سے نئے اور ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز انٹیلی جنس اور فارن لا انفورسمنٹ کمیونٹی کے درمیان بہتر روابط اور ہم آہنگی کے لئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مزیدخبریں