اسلام آباد(نامہ نگار) قومی اسمبلی کو آگاہ کیا گیا کہ اگست 2018 ء سے دسمبر 2021ء تک 43 ارب ڈالر کا غیر ملکی قرض 2 سے 7 فیصد تک شرح سود پر لیا گیا۔ گزشتہ روز قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی کی زیر صدارت ہوا۔ وزارت اقتصادی امور کے تحریری جواب کے مطابق یکم اگست 2018 سے31 دسمبر 2021 تک 43047.24 ملین ڈالر کا قرضہ لیا گیا۔ 2فیصد شرح سود پر 3223.41ملین ڈالر کا قرضہ لیا گیا، بانڈز کی مد میں 7فیصد شرح سود پر 3509ملین ڈالر کا قرضہ لیا گیا، کمرشل بینک کے ذریعے3فیصد شرح سود پر 14530.67ملین ڈالر قرضہ لیا گیا جبکہ سیف ڈیپازٹ کی مد میں 1000ملین ڈالر کا قرضہ لیا گیا، ٹائم ڈیپازٹ کی مد میں 4فیصد شرح سود پر3000ملین ڈالر کا قرضہ لیا گیا جبکہ آئی ایم ایف سے 2 تا2.5 فیصد شرح سود پر 3334 ملین ڈالر کا قرضہ لیا گیا۔ قومی اسمبلی میں امیگریشن (ترمیمی) بل2022 پیش کر دیا گیا جسے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا جبکہ دو بل غور اور منظوری کے لئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے سپرد کرنے کی تحاریک بھی منظور کر لیں گئیں۔ وفاقی وزیر برائے صحت عبدالقادر پٹیل نے پاکستان نرسنگ کونسل(ترمیمی)بل2022غور اور منظوری کے لئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے سپرد کرنے کی تحریک پیش کی جسے ایوان نے منظور کر لیا۔ وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے ریاستی ملکیتی انٹرپرائزز (گورننس اور آپریشنز) بل 2022 غور اور منظوری کے لئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے سپرد کرنے کی تحریک پیش کی جسے ایوان نے منظور کر لیا۔ وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے امیگریشن (ترمیمی) بل2022ء بھی پیش کیا جسے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔ سکندررائو پوتو کے سوال پر پارلیمانی سیکرٹری سیدجاویدعلی شاہ نے ایوان کو بتایا کہ امریکہ تجارت کے حوالہ سے پاکستان کیلئے اہم ملک ہے ، گزشتہ سال امریکا کے ساتھ ہماری تجارت میں 38 فیصد کی نمو دیکھنے میں آئی ہے ۔ اس وقت سعودی عرب، قطر اور خلیج تعان کونسل کے ساتھ ایف ٹی اے پرمذاکرات ہورہے ہیں قومی اسمبلی میں رکن قومی اسمبلی خالد جاوید وڑائچ کے بھائی سابق رکن اسمبلی امجد اقبال وڑائچ فاتحہ خوانی کی گئی۔ ڈپٹی سپیکر نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے نصاب کے لئے آئینہ عمرانیات کتاب پر فوری پابندی عائد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اس معاملے کو متعلقہ کمیٹی کے سپرد کرنے کا حکم دیا ہے۔ وفاقی وزیرمرتضی جاوید عباسی نے کہاکہ پنجاب میں غلط ترجمے والے قران کریم کے نسخے برآمد ہوئے ہیں اور پنجاب حکومت کارروائی نہیں کررہی، اجلاس کے دوران جے یو آئی (ف)کی رکن اسمبلی عالیہ کامران نے سپیشل سی ایس ایس مقابلے کے امتحان میں شریک ہونے کے خواہشمند بلوچستان سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے لئے عمر کی بالائی حد 30سے بڑھا کر37سال نہ کرنے سے متعلق توجہ دلائو نوٹس پیش کیا پارلیمانی سیکرٹری برائے مواصلات شاہدہ اختر علی نے کہا کہ جس طرح مولانا فضل الرحمان کے الفاظ کو سیاق سباق کے بغیر شائع کیا جا رہا ہے اور توڑ مروڑ کر بیان کیا جارہا ہے اس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں ، جب سے یہ تحریک انصاف آئی ہے انہوں نے اخلاقیات اور معیشت کا بیڑہ غرق کیا، قلعہ عبداللہ، چمن اور پشین میں گھروں کی تعمیرکا کام شروع نہیں ہوا کیونکہ ابھی تک کوئی امداد نہیں ملی ہے،امدادکاکام جلد ازجلد شروع کرنا چاہیے۔ وفاقی وزیرپارلیمانی امورمرتضی جاوید عباسی نے کہاکہ ڈیلی ویجز اورکنٹریکٹ ملازمین کیلئے قائم کردہ خصوصی کمیٹی کے اختیارات اورکارروائی کیلئے ٹی او آرز پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ بعد ازاں اجلاس 12 دسمبر شام 5 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔
2018ء سے 21تک 43ارب ڈالر قرض لیا گیا ، تجارت کیلئے امریکہ، سعودی عرب اہم
Dec 03, 2022