بہاول پور (سٹی رپورٹر) مزدور طبقہ کو کم ازکم شرح اجرت کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلہ میں بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے۔ ارشد منظور بزدار، ڈائریکٹر جنرل لیبر ویلفیئر پنجاب۔ ارشد منظور بزدار ڈائریکٹر جنرل لیبر ویلفیئر پنجاب نے صوبہ بھر میں کم از کم شرح اجرت کی ادائیگی کے حوالہ سے بھرپور مہم چلانے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ اس موقع پر ملک محمد فاروق ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر بہاول پور نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے 102قسم کے صنعتی اور تجارتی اداروں میں کام کرنے والے ملازمین اور ورکرز کی کم از کم شرح اجرت مقرر کر دی ہے۔ کم از کم تنخواہ 25000/-روپے ماہانہ اور 8گھنٹے ڈیوٹی ہے۔ اس حوالہ سے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری بہاول پور اور رحیم یار خاں کو مراسلہ جات بھی تحریر کئے جا چکے ہیں۔ عوام اور ورکرز طبقہ میں آگاہی کے لئے پمفلٹ تقسیم کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اس کے علاوہ ڈویژن بھر میں کم از کم شرح اجرت کے قانون مجریہ 2019ء کی عمل داری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور خلاف ورزی کے مرتکب آجران کے خلاف حسب ضابطہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ورکرز کو کم ازکم شرح اجرت کی ادائیگی یقینی بنائی جائے: ڈی جی لیبر
Dec 03, 2022