حکمرانوں کا مشن صرف ملک لوٹنا ، عوامی مسائل سے غرض نہیں، عامر ڈوگر 

ملتان(خبر نگار خصوصی  ) سابق وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ ملک پر اسوقت چور ڈاکوؤں کی حکومت برسر اقتدار ہے جن کا مشن صرف اقتدار میں آکر ملک کو لوٹنا ہے اور اس لوٹے ہوئے پیسے سے باہر کے ملکوں میں اپنی جائیدادیں بنانی ہیں۔اس پی ڈی ایم کے کرپٹ ٹولے نے آج ملک کو ڈیفالٹر ہونے کے آخری دہانے پر پہنچا دیا ہے بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے غریب عوام کو دو وقت کی روٹی بھی مشکل سے میسر ہور ہی ہے بجلی کی قیمتوں میں اتنا اضافہ کردیا ہے کہ عام آدمی ایک بلب جلانے سے بھی ڈرتا ہے مگر اس بے حس حکومت کو ملک و قوم کے مسائل سے کوئی غرض نہیں انہیں صرف نت نئے طریقوں نے این آر او حاصل کرکے خود پر سے کرپشن کے کیس ختم کرنے ہیں۔ کروڑوں روپے کی لاگت سے بنائے جانے والے ڈسپوزل کا افتتاح کرتے ہوئے ملک عامر ڈوگر نے مزید کہا کہ حلقہ این اے 155 میں ترقیاتی کام کا سفر جاری ہے میں نے اہلیان یونین کونسل 68 کے عوام ڈسپوزل کے منصوبے کو جو وعدہ کیا تھا وہ پورا ہوگیا ہے عوام کے مسائل کے حل کے لیے میرے ڈیرے کے دروازے کھلے ہیں۔ ملک عامر ڈوگر نے یوسی68میں واٹر پیوریفیکشن پروجیکٹ کا بھی افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ صاف پانی کسی نعمت سے کم نہیں اس واٹر پیوریفیکشن پلانٹ سے ارد گردکے علاقے بسم اللہ کالونی،احمد آباد،نقشبند کالونی اور محمود آباد کے مکین فیض یاب ہوسکیں گے۔اس موقع پر ڈائریکٹر واٹر سپلائی واسا عبدالسلام نے بریفنگ دی۔اس موقع پر ایم ڈی واسا جواد کلیم اللہ،ڈائریکٹر ورکس شہزاد منیر،ایکسین عارف عباس،تحریک انصاف کے سٹی جنرل سیکرٹری راؤ آصف،چیئرمین اوورسیز،وائس چیئرمین ایم ڈی اے وسینئر نائب صدر اشرف ناصر خان انفارمیشن سیکرٹری ظہیر اعوان،شیخ ناصر،ملک رمضان سیال،عامر بھٹی ودیگر بھی ہمراہ تھے۔

ای پیپر دی نیشن