سندھ اسمبلی کا اجلاس ، جا معہ الغزالی کا بل منظور ، تحا ریک التواء کیلئے 3دن مختص 


کراچی(نیوز رپورٹر) سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر جمعہ کو اسپیکر آغا سراج درانی کی صدارت میں ایک گھنٹہ 20منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا اور مختصر کارروائی کے بعد پیر کی دوپہر تک ملتوی کردیا گیا ۔ایوان نے ممتازعالم دین مفتی رفیع عثمانی کی وفات اور معروف صحافی ارشد شریف کے قتل پر دو قراردادیں منظور کرلیں جن میں ان دونوں کی خدمات پر انہیںخراج عقیدت پیش کیاگیا۔ایوان کی کارروائی کے آغاز میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان کی جانب سے پارٹی چیئرمین عمران خان کی صحت یابی کے لئے دعا اور سینئر صحافی و اینکر پرسن ارشد شریف اورسینئر صحافی عمران اسلم کے لئے دعائے مغفرت کی استدعا کی گئی۔اسپیکر آغا سراج درانی نے کارروائی کے دوران کہا کہ میں سابق صدرآصف علی زرداری ، بلاول بھٹو زرداری اورفریال تالپور کو پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کی مبارکباد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں کہیں نہیں جا سکتا ہوں کیونکہ اس وقت نظر بند ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں اگر باہر ہوتا تو میں بھی یوم تاسیس میں شریک ہوتا جس پر پی ٹی آئی کے خرم شیر زمان نے کہا کہ اسپیکر صاحب آپ کے کیس کیوں واپس نہیں ہوئے،سب کے کیس تو واپس ہوگئے،آپ سے کیا دشمنی ہے۔آپ کیس کیوں واپس نہیں ہورہے ہیں؟۔آغا سراج نے کہا کہ 4دسمبر کو ہمارا کلچر ڈے ہے۔ اس کو دھوم دھام سے منائیں۔ اسپیکر نے کہا کہ ہمارے سندھ صوبے کے خلاف باتیں کی جاتی ہیں۔جس نے بھی سازش کی ان کو بتانا چاہتے ہوں۔سب سے پہلے ان کے خلاف میں کھڑا ہوں گا۔ یاوان کی کارروائی کے دوران پیپلز پارٹی کی رکن ندا کھوڑو نے اپنی ایک تحریک التوا پیش کی جو بارشوں کی وجہ سے آفات سے بچنے کے پیشگی انتظامات کرنے سے متعلق تھی ۔رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید نے بھی اسی موضوع پر تحریک التواپیش کی جس میں کہا گیا ہے کہ حالیہ کی بارشوں اور سیلاب سے نقصانات اور اس حوالے سے حکومت کو تجاویز دی جائیں۔اسپیکر نے تحریک التواپربحث کے لئے تین دن مختص کر دئیے۔سندھ اسمبلی نے جمعہ کوسندھ فیکٹریز ترمیمی بل منظوری کے لئے پیش کیا گیا۔ اسپیکر نے بل مزید غور کے لئے اسٹینڈنگ کمیٹی کو بھیج دیا۔ایوان میںجامعہ الغزالی کراچی کا بل پیش کیا گیا جسے منظور کرلیا گیا۔ایوان کی کارروائی کے دوران رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید نے مفتی رفیع عثمانی کے انتقال پر قرار داد پیش کی۔ جس میں کہا گیا کہ مفتی رفیع عثمانی کی وفات امت پاکستان کا بڑا نقصان ہے۔سندھ اسمبلی کا ایوان انکی وفات پر افسوس کا اظہار کرتا ہے۔مرحوم نے اسلام کی بڑی خدمت کی۔ایوان نے یہ قرارداد متفقہ طورپر منظور کرلی ۔ پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے معروف صحافی ارشد شریف کے قتل پر قرار داد پیش کی۔جس میں کہا گیا تھا کہ یہ ایوان شہید ارشد شریف کی پاکستان میں صحافت بالخصوص تحقیقاتی صحافت کے میدان میں خدمات اور خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے قتل کی مذمت کی گئی ۔قراردادمیں یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ شہید ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لئے اعلی اختیاراتی عدالتی کمیشن کی تشکیل دیا جائے ۔ بعدازاںسندھ اسمبلی کا اجلاس پیر کی دو بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن