لاہور ( این این آئی) صوبائی وزیر پارلیمانی امور و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے لا اینڈ آرڈر محمد بشارت راجہ نے کہا ہے کہ پنجاب کے دورے پر آئی انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے لئے طے شدہ سکیورٹی انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ روٹ مکمل کلیئر ہونے تک انگلینڈ ٹیم کی موومنٹ ہرگز نہیں ہونی چاہیے۔ وہ سول سیکرٹریٹ میں لا اینڈ آرڈر کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ منیب سلطان چیمہ، چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل اور متعلقہ اضلاع کے سنیئر افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے لئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری (اے سی ایس) ہوم پنجاب کیپٹن (ر) اسداللہ نے کمیٹی کو سکیورٹی پلان پر بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ راولپنڈی میں ٹیسٹ میچ کے دوران 7 ہزار پولیس نفری تعینات ہے۔ پہلے روز چار ہزار تماشائی سٹیڈیم آئے۔ پارکنگ کے مقام سے سٹیڈیم جانے کے لئے شٹل بس سروس کی سہولت دی گئی۔ چیئرمین کمیٹی محمد بشارت راجہ نے کہا کہ انگلینڈ ٹیم دوسرا ٹیسٹ میچ ملتان میں کھیلے گی جس کے بعد وہ کراچی روانہ ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملتان کی انتظامیہ اور پولیس اگلے ٹیسٹ میچ کے تمام انتظامات مکمل رکھے۔ اس موقع پر اے سی ایس ہوم پنجاب کیپٹن (ر) اسداللہ نے ہدایت کی کہ پولیس خفیہ ایجنسیوں کی طرف سے جاری الرٹس کو ہر صورت مدنظر رکھے۔ سکیورٹی پلان پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ کابینہ کمیٹی نے راولپنڈی کے علاقے دھمیال میں پولیس سٹیشن کے قیام کیلئے 50 ملین روپے فنڈز کی بھی منظوری دی۔
انگلینڈ ٹیم کے سکیورٹی انتظامات کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا‘ راجہ بشارت
Dec 03, 2022