کراچی(نیوز رپورٹر) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ انڈس اسپتال جیسے مثالی ادارے حکومت کے بھرپور مدد گار ہیں، کیونکہ ان کے ذریعہ عوام کو مختلف امراض کے علاج معالجہ کی بہترین سہولیات میسر آرہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار گورنرسندھ نے انڈس اسپتال کے دورہ کے موقع پر کیا۔ انڈس اسپتال کے سی ای او ڈاکٹر عبدالباری نے گورنر سندھ کو اسپتال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور اسپتال کے توسیعی منصوبے کے بارے میں بھی بتایا۔ گورنر سندھ نے اسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا بھی جائزہ لیا، انہوں نے مختلف امراض کے علاج کے لئے آئے ہوئے مریضوں کی خیریت دریافت کی اور ان سے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں استفسار کیا۔ انہوں نے کہا کہ انڈس اسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات بے مثال ہیں۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ امراض قلب میں اور دیگر بیماریوں کے مریضوں کے لئے انڈس اسپتال نمایاں کام کررہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ انڈس اسپتال پر عوام کا بھرپور اعتماد ہے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ اسپتال کے لئے مخیر حضرات کا تعاون بھی لائق تحسین ہے۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالباری بہترین کام کررہے ہیں، جبکہ میرا بھرپور تعاون انڈس اسپتال کے ساتھ رہے گا۔
انڈس اسپتال مثالی ادارہ‘ ڈاکٹر عبدالباری بہترین کام کررہے‘ گورنر سندھ
Dec 03, 2022