کراچی(سپورٹس رپورٹر)پاکستان نے انگلینڈ کے 657 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز کا پْراعتماد آغاز کیا ہے۔ راولپنڈی میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز دن کے اختتام تک پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 181 رنز بنالئے۔657 رنز کے جواب میں پاکستانی بیٹرز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے پْراعتماد آغاز کیا، دونوں اوپنر بیٹرز نے نصف سنچریاں سکور کیں۔امام الحق 90 جبکہ عبداللہ شفیق 89 رنز ناٹ آؤٹ کیساتھ کریز پر موجود ہے، پاکستان کو انگلینڈ کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 476 رنز درکار جبکہ تمام وکٹیں باقی ہیں ۔ آج میچ کا تیسرا روز ہے۔اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 675 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں دوسرے روز انگلش ٹیم نے کھیل کا آغاز 506 رنز 4 وکٹوں کے نقصان پر کیا، ابتدا میں کپتان بین سٹوکس 41 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ لیام لیونگ سٹون 9 رنز بناسکے۔ ہیری بروک نے 153 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ول جیکس 30، اولی روبنسن 37 اور جیک لیچ 6 رنز بناکر نمایاں رہے۔انگلش ٹیم دوسرے روز 26 اوورز میں 151 رنز بنائے جبکہ انکی 6 وکٹیں گریں، پاکستان کی جانب سے زاہد محمود 4، نسیم شاہ 3، محمد علی 2 جبکہ حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔راولپنڈی ٹیسٹ میں انگلینڈ نے 95 باؤنڈریز لگا کر نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 86 چوکے اور 9 چھکے لگائے۔ لیگ سپنر زاہد محمود نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ڈیبیو پر ایک اننگز میں سب سے مہنگا سپیل کرایا‘ 235 رنز دیکر 4 وکٹیں حاصل کی۔پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ اننگز میں زاہد محمود نے چوتھا مہنگا ترین سپیل کرایا۔