سویا بین کی قاسم پورٹ سے کلیئرنس نہ ہونے پر مال روڈ پر احتجاجی ریلی 

Dec 03, 2022

 لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن نے مرغی کی فیڈ کیلئے درآمد کئے گئے اہم جزو سویا بین کی قاسم پورٹ سے کلیئرنس نہ ہونے پر مال روڈ پر احتجاجی ریلی نکالی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت سے درخواست ہے کہ اس مسئلے کو سنجیدگی کے ساتھ لے اور سویا بین جو کھلے آسمان کے نیچے پڑی ہے اسے فوری ریلیز کرنے کے احکامات جاری کر کے پولٹری کی صنعت کو تباہ ہونے سے بچایا جا ئے۔ ایسوسی ایشن کے نارتھ ریجن کے چیئرمین چوہدری محمد نصرت طاہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سویا بین کارگو 20 اکتوبر 2022سے قاسم پورٹ کراچی پر موجود ہیں لیکن ان کو ابھی تک کلیئرنس نہیںمل سکی۔ سویا بین پولٹری کی فیڈ کا ایک اہم جزو ہے۔ اس کی عدم دستیابی پولٹری کی فیڈ کی کمی کا باعث بنے گی جس کا مطلب ہے کہ مرغی اور انڈوں کی پیداوار میں کمی ہو گی۔ اگر سویابین کو کلیئرنس نہ ملی تو پولٹری فارمرز کا بہت نقصان ہوگاجو پہلے ہی نقصان سے دوچار ہیں۔سویا بین کی عدم دستیابی کے باعث پولٹری فیڈ کی قیمت بہت بڑھ چکی ہے۔ اس صنعت سے تقریباً 15لاکھ لوگوں کا روزگار منسلک ہے ،اس صنعت کی تباہی 15لاکھ لوگوں کو بے روزگار کر دے گی۔

مزیدخبریں