سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے ویزا اور دراز کا اشتراک

کراچی(کامرس رپورٹر) دراز اور ویزا نے پاکستان میں بدترین سیلاب کے بعد اس آفت سے متاثرہ 4 ہزار سے زائد خاندانوں کے لیے فعال امدادی سرگرمیوں میں مدد کے لیے اپنی شراکت داری کے دائرہ کار کو وسعت دی ہے جہاں اس تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں لاتعداد گاؤں بہہ گئے اور لاکھوں افراد کی جان بچانے کے لیے فوری طور پر امداد کی ضرورت ہے جبکہ ان افراد کو انفیکشن سے متاثر اور ڈوبنے کا خطرہ بھی لاحق ہے۔دراز اور ویزا طویل مدتی شراکت دار رہے ہیں اورویزا نے دراز کے پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے اپنی کوششوں کو تیز تر کردیا ہے۔ ویزہ نے دراز مارکیٹ پلیس سے اشیا کی خریداری کے لیے 2کروڑ 20لاکھ روپے مختص کیے اور دراز نے اشیا بیچنے والوں کے نیٹ ورک سے کم قیمت پر اشیا کا بندوبست کرنے کے لیے تمام لاجسٹک آپریشنز کا انتظام کیا اور مختصر وقت میں ڈیلیوری کی۔ دراز نے ان اشیا کی مناسب انداز میں تقسیم کے لیے پاکستان بھر میں سیلابی سرگرمیوں میں امدادی مہم کی قیادت کرنے والی فلاحی تنظیموں سے بھی اشتراک کیا۔امدادی اشیا تقسیم کرنے والی تنظیموں میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، جے ڈی سی فاؤنڈیشن پاکستان اور الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان شامل ہیں۔ عطیات پورے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تقسیم کیے گئے جس سے 4ہزار سے زائد خاندان مستفید ہوئے۔ عطیہ کردہ اشیا میں خشک کھانے کے پیکٹ، بسکٹ، مچھر بھگانے میں مددگار اشیا اور سینیٹری مصنوعات سمیت ضروری اشیا شامل ہیں۔دی لیونٹ اور پاکستان-ویزا کی شمالی افریقہ کے لیے سینئر نائب صدر اور گروپ کنٹری منیجر لیلی سرحان نے کہا کہ ویزا اس اہم فریضے میں حصہ ڈالنے کے لیے ان فلاحی تنظیموں کا شکر گزار ہے جو بحران سے متاثرہ کمیونٹیز میں زمین پر امدادی سرگرمیاں انجام دے رہی ہیں اور ہم اس کا سلسلہ جاری رکھیں گے تاکہ اس مشکل وقت میں جان بچانے والی امداد کی مسلسل فراہمی کا سلسلہ جاری رہے۔ دراز کے ساتھ ہماری شراکت داری انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ ہم پاکستان میں جاری امدادی کوششوں میں مدد کے لیے اپنی بنیادی صلاحیتوں اور وسائل کو اکٹھا کر رہے ہیں۔سیلاب سے متاثر ہونے والوں کے لیے تیزی سے کارروائی کی ضرورت کو سمجھتے ہوئے اس کام میں شامل تنظیموں نے تین ہفتوں کے ریکارڈ وقت کے اندر عطیہ کی گئی اشیا کی خریداری کے بعد لاجسٹکس سے نمٹتے ہوئے تندہی کے ساتھ تقسیم کا فریضہ انجام دیا۔دراز پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر احسان سایا نے کہا کہ اس سال پاکستان کو جس تباہی کا سامنا کرنا پڑا ہے اس کی مثال نہیں ملتی اور اس سے بحالی کا سفر بھی بہت طویل ہو گا لیکن اشیائے ضروریہ کی تقسیم کے ذریعے فوری ریلیف وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہم اس مشکل وقت میں ویزا کی فراخدلی کے لیے ان کے شکر گزار ہیں اور ہمیں خوشی ہے کہ ہمارا نظام مشکلات میں گھرے عوام کی مشکل وقت میں مدد کرنے میں کامیاب رہا۔دراز کے ڈیجیٹل پیمنٹس کے ڈائریکٹر سید ذیشان علی نے کہا کہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی ایک بہت بڑا کام ہے جس کے لیے معاشرے کے تمام طبقات سے تعاون کی ضرورت ہے۔ ہم اس انسانی فریضے کی انجام دہی کے لیے ویزہ کے تعاون پر ان کے شکر گزار ہیں اور خوشی ہے کہ ہم نے اپنی کمیونٹیز کی بہتری کے لیے اپنی اس اسٹریٹجک شراکت داری سے استفادہ کیا۔

ای پیپر دی نیشن