کراچی (نوائے وقت رپورٹ) صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے رینجرز کے لیے واٹر کینن، گاڑیوں اور مواصلاتی آلات کی خریداری کے لیے تقریباً 2 ارب روپے مانگنے کے برعکس سندھ کابینہ نے صوبے میں 1989ءسے تعینات پیرا ملٹری فورس کی آپریشنل صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لیے 35 کروڑ 70 لاکھ روپے کی منظوری دی۔ یہ فیصلہ نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاو¿س میں ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ صوبائی محکمہ داخلہ نے کابینہ کے سامنے ایک تجویز پیش کی کہ پیرا ملٹری فورس نے فسادات سے نمٹنے کے حوالے سے ساز و سامان طلب کیا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ رینجرز نے قابل اعتماد مواصلاتی آلات، اور اپنی کوئیک رسپانس فورس کے لیے واٹر کینن اور گاڑیوں کی پروکیورمنٹ کے لیے 2 ارب سے زائد کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ آنے والے انتخابات کے پیش نظر رینجرز کو اپنی آپریشنل صلاحیت کو مضبوط کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ کابینہ نے اس معاملے پر بحث کی اور شدید مالی بحران کے پیش نظر مطلوب فنڈز کی منظوری نہ دینے کا فیصلہ کیا۔ وزیر اعلی ہاو¿س کے ایک ذرائع کا کہنا تھا کہ البتہ کابینہ نے اس مقصد کے لیے 35کروڑ 70 لاکھ روپے مختص کر دیئے۔