اسلام آباد (نیٹ نیوز) دفتر خارجہ کی ترجمان نے بتایا کہ کوپ 28 کے دوران پاکستان بھارت وزرائے اعظم کی درمیان ملاقات طے نہیں ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ورلڈ کپ فائنل میچ میں آسٹریلیا کی حمایت کرنے والے 7 کشمیریوں کو گرفتار کیا گیا، بھارت دہشتگردی اور دہشتگردی سے متعلق کالے قوانین کو مقبوضہ کشمیر کے عوام کو دبانے کیلئے استعمال کر رہا ہے۔ دہشتگرد گروہوں پر ہمیں عبوری افغان انتظامیہ سے جن نتائج کی توقعات تھیں ان پر عمل درآمد پر مایوسی ہوئی ہے۔ افغانستان میں موجود دہشتگردوں اور ان کی محفوظ پناہ گاہوں پر ہمیں شدید تحفظات ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر دوبارہ بمباری شروع کرنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ طبی مراکز اور سکولوں پر حملوں کی تحقیقات کرائے۔