اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہم چیلنجوں سے بخوبی واقف ہیں اور قوم کی حمایت سے پاکستان کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے تیار ہیں، پاک فوج ہر قسم کی مشکلات کے خلاف پاکستان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ ان خیالات کا اظہار بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری) نے بہاولپور کور کی زمینی مشق کا مشاہدہ کرنے کے لئے خیرپور ٹامیوالی (کے پی ٹی) کے دورہ اور مشق میں حصہ لینے والے دستوں سے اپنے خطاب میں کیا۔بری فوج کے سربراہ کو زمینی مشق کے بارے میں بریفنگ دی گئی، جس کا مقصد آپریشنل ماحول میں مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے درکار مختلف درجوں اور میدان جنگ کے طریقہ کار پر پیشہ ورانہ مہارت کو بڑھانا ہے۔بری فوج کے سربراہ نے مختلف شعبوں کے مربوط فائر اور جنگی مشقوں بشمول آرمر، میکانائزڈ انفنٹری، آرٹلری، ایئر ڈیفنس، اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل (اے ٹی جی ایم) جو پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) اور کمبیٹ ایوی ایشن کی طرف سے مکمل طور پر تعاون یافتہ ہیںکا مشاہدہ کیا ۔ آرمی چیف نے مشق میں حصہ لینے والے فوجی دستوں سے گفتگو بھی کی۔ بری فوج کے سربراہ نے تربیتی معیار، پیشہ وارانہ تیاریوں اور افسران اور دستوں کے بلند حوصلے کو سراہا۔بری فوج کے سربراہ نے فوجیوں کو ہدایت کی کہ وہ ہر حال میں روایتی جوش اور جذبے کے ساتھ قوم کی خدمت کرتے رہیں۔چیف اف ارمی سٹاف نے کہا کہ پاک فوج ملک کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت در پےش تمام خطرات سے دفا ع کے لیے پوری طرح تیار ہے، پاک فوج قوم کی مکمل حمایت کے ساتھ تمام تر خطرات کو سامنے رکھ کر ملک کی سرحدوں کے دفاع کے لیے توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے ، فوج پاکستان کے دشمنوں کو شکست دے گی ۔
چیلنجوں سے بخوبی واقف، فوج قوم کی حمایت سے پاکستان کے دشمنوں کو شکست دے گی: آرمی چیف
Dec 03, 2023