ٹورنٹو (آئی این پی ) بھارت کی خفیہ ایجنسی "را" کی جانب سے خالصتان کے سکھ رہنماوں کو قتل کرنے کی سازش کیخلاف امریکا اور کینیڈا ایک پیج پر آ گئے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کینیڈا کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اگست کے مہینے سے ہم دنیا بھر میں اپنے امریکی ہم منصبوں کے ساتھ مل کر بھارت پر لگے سنگین الزامات کی تحقیقات کر رہے ہیں، ہمیں یقین ہے کہ بھارتی حکومت کے ایجنٹس کینیڈین شہری کے قتل میں ملوث ہیں، بھارت کو معاملے کو سنجیدگی سے لینے اور اس پر تعاون کرنے کی ضرورت ہے، کینیڈین شہریوں کو محفوظ رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا میں خالصتان تحریک کے رہنما کے قتل کی سازش میں بھارت کے ملوث ہونے کے الزامات انتہائی سنجیدہ نوعیت کے ہیں، ہم نے سکھ رہنما کے قتل کی سازش میں بھارتی شہری کے ملوث ہونے کے معاملے کو نہایت سنجیدگی سے لیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے مزید کہا ہے کہ قتل کی سازش کے معاملے پر بھارتی حکومت کی جانب سے تفتیش کرانے کے وعدے کا پورا ہونے کا انتظار ہے، ہم دیکھنا چاہتے ہیں کہ بھارتی حکومت کی تفتیش میں کیا بات سامنے آتی ہے۔
سکھ رہنماوں کی ٹارگٹ کلنگ،بھارت کیخلاف امریکہ اور کینیڈا ایک ہو گئے
Dec 03, 2023