اٹلانٹا (نوائے وقت رپورٹ) امریکی ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا میں اسرائیلی قونصل خانے کے باہر فلسطین کے حق میں احتجاج کے دوران ایک خاتون نے خود کو آگ لگا لی۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی قونصل خانے کے باہر ایک خاتون نے جنگ بندی اور فلسطینیوں کے لیے احتجاج میں خود کو آگ لگائی۔ پولیس نے بتایا کہ خاتون نے خود کو فلسطینی جھنڈے میں لپیٹا ہوا تھا اور پیٹرول چھڑک کر خود کو آگ لگا لی۔ موقع پر موجود سکیورٹی گارڈ نے انہیں روکنے کی کوشش کی تو وہ خود بھی زخمی ہو گیا۔ خاتون کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے اس معاملے کو “سیاسی احتجاج کا انتہائی اقدام” قرار دیا ہے۔