اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سابق وفاقی وزیر اور سینئر سیاستدان محمد علی درانی نے کہا کہ عمران خان نے بیرسٹر علی گوہر خان کو چئیرمین پی ٹی آئی نامزد کر کے جماعت کو موروثی سیاست کی بیماری سے بچا لیا۔ مدمقابل خاندانی آمریت کے علم بردار لیڈروں کو الیکشن سے پہلے شکست دے دی۔ عمران خان نے اصولوں پر قائم رہتے ہوئے مفاہمت کے تمام دروازے کھول دئیے۔ سابق وزیر اطلاعات نے کہاکہ بیرسٹر علی گوہر خان اعلیٰ تعلیم یافتہ، باوقار و باصلاحیت شخصیت اور مڈل کلاس سے تعلق رکھتے ہیں اور اچھی شہرت کے حامل قانون دان ہیں۔ محمد علی درانی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اندر تمام لیڈر ان کا احترام کرتے ہیں۔ اہل ترین فرد کو پارٹی چئیرمین کی ذمہ داری دے کر عمران خان نے جماعت کو سیاسی ادارہ بنانے کے عمل کا آغاز کر دیا۔ سابق سینیٹر نے کہاکہ عمران خان نے پارٹی عہدے سے دست بردار ہوکر خود کو عدالت کے سامنے احتساب کے لئے پیش کر دیا۔ ایسے میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کو لیول پلئینگ فیلڈ دینا ملکی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ بیرسٹر گوہر کو پی ٹی آئی چئیرمین نامزد ہونے پر مبارک دیتے ہوئے محمد علی درانی نے کہا کہ اصل مبارک کے مستحق عمران خان ہیں جنہوں نے اس فیصلے کے ذریعے موروثیت کے علمبردار سیاست دانوں کو کلین بولڈ کر دیا۔ موروثی سیاست 9 مئی کی طرح سنگین معاملہ ہے۔
چیئرمین کی نامزدگی‘ عمران نے موروثی سیاست کے علمبرداروں کو کلین بولڈ کر دیا: درانی
Dec 03, 2023