تر بیلا(ملک فضل کریم سے) ورلڈ بنک کے وائس پریزیڈنٹ مارٹن ریزر(Martin Raiser) نے آج ورلڈ بنک کے 4رکنی وفد کے ہمراہ تربیلا کے پانچویں توسیعی منصوبے اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ کیا۔چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی(ر)اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ورلڈ بنک ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ بھی اِس موقع پر ورلڈ بنک کے وائس پریزیڈنٹ کے ہمراہ تھے۔اپنے دورے کے پہلے مرحلے میں ورلڈ بنک کے وائس پریزیڈنٹ نے تربیلا ڈیم کی ٹنل نمبر5 پر زیر تعمیر تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے پر جاری تعمیراتی کام کا مشاہدہ کیا۔ پراجیکٹ انتظامیہ نے بتایا کہ اِس وقت منصوبے کی تمام اہم سائٹس پر کام جاری ہے جن میں پاور ہاس، ٹیل ریس اور سوئچ یارڈ قابلِ ذکر ہیں۔ اِس منصوبے کی پیداواری صلاحیت ایک ہزار 530 میگااٹ ہے جس کے مکمل ہونے پر تربیلا ڈیم سے بجلی پیدا کرنے کی موجودہ صلاحیت 4 ہزار 888 میگاواٹ سے بڑھ کر 6 ہزار 418 میگاواٹ ہو جائے گی۔ تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے سے 2025 میں بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔ بعد ازاں ورلڈ بنک کے وائس پریزیڈنٹ نے ورلڈ بنک کی معاونت سے 2018 میں مکمل کئے گئے تربیلا کے چوتھے توسیعی پن بجلی گھرکا بھی دورہ کیا۔ انہیں بتایا گیا کہ پن بجلی گھر اپنی تکمیل سے اب تک نیشنل گرڈ کو 22 ارب 56کروڑ یونٹ پن بجلی فراہم کر چکا ہے۔
ورلڈبنک کے وائس پریزیڈنٹ کا تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کادورہ
Dec 03, 2023