لاہور ( خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کا کرب مشترکہ، دونوں نے ظالم کی مزاحمت کی تاریخ رقم کی۔ بھارت اور اسرائیل کا مسلمانوں کے خلاف ایکا ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب مسجد اقصیٰ آزاد ہوگی اور اولیاءکی سرزمین کشمیر پر بھی بھارت کے تسلط کا خاتمہ ہو گا۔ مظفرآباد سے بھارت کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ کشمیریوں پر مظالم سے باز آجائے۔ اسلامی ممالک کے حکمران غزہ پر خاموشی توڑیں، صیہیونی جارحیت کے خلاف عملی اقدامات کیے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفرآباد آزاد کشمیر میں فلسطین و کشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر مشتاق خان، ڈائریکٹر شعبہ امور خارجہ آصف لقمان قاضی, ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ شکیل احمد،،نائب امیرآزاد کشمیر شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ اور امیر ضلع مظفرآبادراجہ آفتاب عزیر غزالی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امیر جماعت نے اسلامی ممالک کی حکومتوں کو باور کرایا کہ مسئلہ فلسطین اور کشمیر قراردادوں سے حل نہیں ہوں گے، مظلوم امت کو انصاف دلانے کے لیے حکمرانوں کو حمیت و غیرت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکمرانوں نے مقبوضہ کشمیر کی خودمختاری ختم کرنے کے بھارتی فیصلہ پر نرم لہجہ اپناتے ہوئے لفظی مذمتوں پر اکتفا کیا، اسلام آباد کی خاموشی سے بی جے پی کو شہ ملی، مقبوضہ وادی میں ہندوانتہا پسندوں کی لاکھوں میں آبادکاری ہوئی، کشمیر دنیا کا سب سے بڑا جیل خانہ ہے، بھارت نے ہزاروں نوجوانوں کو جیل میں ڈالا، کشمیری قیادت بھی قید میں ہے، اقوام متحدہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کو انصاف نہیں دلا سکی، مغرب و امریکا بھار ت اور اسرائیل کی پشت پناہی کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستا ن میں فوجی و سول حکومتوں کے ادوار میں کشمیریوں کی آزادی کے لیے کچھ نہیں کیا گیا۔ قبلہ اول اور سرینگر آزاد ہوں گے، انہوں نے کہا کہ آزاد خطہ کشمیر کے نوجوان مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس موقع پر پیش کیے جانے والے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آزادی کے بیس کیمپ مظفرآباد کی یہ عوام عالمی اداروں، او آئی سی اور انسانی حقوق کے نام نہاد ٹھیکیداروں سے مطالبہ کرتی ہے فلسطین و کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی، ظلم و بر بریت اور ان کا حق آزادی سلب کئے رکھنے سے بھارت و اسرائیل کو باز رکھا جائے۔
اسلامی ممالک کے حکمران غزہ پر خاموشی توڑیں: سراج الحق
Dec 03, 2023