اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹرسے)اسلام آباد کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر اکبر ناصر خاں کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں جرائم کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا ،جس میں سی پی او آپریشنز ، ایس ایس پی آپریشنز،اے آئی جی آپریشنز،ایس ایس پی انوسٹی گیشن، تمام زونل ڈی پی اوز، ایس ڈی پی اوزاورتمام تھانہ جات کے افسر مہتمم نے شرکت کی ،اجلاس میں تمام ڈویژن کی کارکردگی کاتقابلی جائزہ لیا گیا اورتمام پولیس افسران کو جرائم کی بیخ کنی کے لئے اہداف مہیا کیے گئے،اجلاس میں ہر افسر سے الگ الگ بازپرس کی گئی اورکمزور کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کی سرزنش کی گئی ،آئی سی سی پی او نے تمام افسران کو "پکار "15-کی کالزاور تھانہ جات میں درج مقدمات کا جائزہ لینے ،درخواست دہندگان سے رابطہ کرنے اور ان کی درخواستوں پر کی گئی پیشرفت پر رائے لینے کی ہدایت کی،انہوں نے پولیس افسران کو تفتیش کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور تمام مقدمات کے چالان جلد از جلد میرٹ پر یکسو کر کے مجاز عدالتوں میں بھجوانے کی ہدایت کی،انہوں نے لاء افسران کو تمام مثلوں کا جائزہ لینے اور مقدمات کی تفتیش میں موجود نقائص کو دور کرنے کی بھی ہدایت کی،مقدمات کی بہتر تفتیش کے لئے پولیس افسران جائے وقوعہ کی عکس بندی کو اپنی تفتیش کا حصہ بنائیں ،تمام سینئر افسران تھانہ جات کی ہفتہ وار کارکردگی کا جائزہ لیں،تھانہ جات میں اچھی اہلیت ،شہرت کے حامل اور تفتیشی امور میں مہارت رکھنے والے افسران کو افسر مہتمم تھانہ تعینات کیا جائے۔