اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے کراچی پریس کلب میں پروفیسر شاہدہ قاضی ویمن کمپلیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ افرادی قوت میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شمولیت یقینی بنانے کیلئے اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے مرکزی دھارے کی اقتصادی سرگرمیوں میں خواتین کی شمولیت بڑھانے کیلئے خواتین خصوصاً خواتین صحافیوں کو کام کی جگہ پر ایک سازگار اور دوستانہ ماحول فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔بیگم ثمینہ عارف علوی نے شاہدہ قاضی ویمن کمپلیکس کا افتتاح کیا جہاں پر خواتین کیلئے ڈے کیئر کی سہولت، جم، ورک اسٹیشن، ریسٹ رومز، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور تفریح کی سہولیات میسر ہوں گی۔ افتتاحی تقریب میں کراچی پریس کلب کے صدر سعید احمد سربازی، پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کراچی کی ڈائریکٹر جنرل ارم تنویر، سیکریٹری پریس کلب، شعیب احمد، گوہر گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین، محمد حنیف گوہر اور کراچی پریس کلب کے ممبران نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بیگم ثمینہ علوی نے میڈیا بالخصوص خواتین صحافیوں پر زور دیا کہ وہ خواتین کے مسائل اجاگر کرنے اور ان کے حقوق کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔