الجزائر پاکستان کیساتھ مضبوط تجارتی تعلقات کو فروغ دینا چاہتا،براہیم رومانی

Dec 03, 2023

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )الجزائر کے سفیر براہیم رومانی نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ مضبوط تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے کیونکہ دونوں ممالک بہت سے شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے کی بہتر صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان الجزائر کو تسلیم کرنے والے اولین ممالک میں سے ایک ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ دونوں ممالک اپنی معیشتوں کے لیے بہتر نتائج کے حصول کے لیے کاروباری علقات کو بہتر بنانے پر توجہ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔براہیم رومانی نے کہا کہ الجزائر ایک اہم جغرافیائی محل وقوع پر واقع ہے جس کے پاس قدرتی وسائل کی وافر مقدار موجود ہے لہذا پاکستان کے سرمایہ کار الجزائر میں سرمایہ کاری کر کے اپنی مصنوعات کو افریقی مارکیٹ میں برآمد کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ الجزائر کا تجارتی وفد لاہور اور کراچی میں ہونے والی نمائشوں میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی بھی اپنا ایک وفد کاروبار کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے الجزائر کا دورہ کرے جبکہ سفارتخانہ اس سلسلے میں ہرممکن تعاون کرے گا۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان اور الجزائر کے درمیان دوطرفہ تجارت بہت کم ہے لہذا دونوں ممالک نجی شعبوں کو قریب لا کر باہمی تجارت کو کم از کم 1 ارب ڈالر تک بڑھانے کی کوشش کریں۔ چیمبر کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور الجزائر تجارتی وفود کا باقاعدہ تبادلہ کر کے باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی کوشش کریں۔چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور الجزائر عوامی اور کاروباری روابط کو مضبوط کرنے کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ براہ راست پروازوں کا سلسلہ شروع کریں۔ شیخ محمد اعجاز، مقصود تابش، ڈاکٹر عثمان، خالد محمود، اختر حسین، امتیاز عباسی، محترمہ منیزہ ماجد اور دیگر نے بھی پاکستان اور الجزائر کے درمیان تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے مفید تجاویز پیش کیں۔

مزیدخبریں