اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزارت منصوبہ بندی کی ترقی اور خصوصی اقدامات کی وزارت نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے ڈیٹا گورننس فریم ورک پر کوششیں تیز کر دی ہیں جسکا مقصد انٹر ایجنسی ڈیٹا کو مربوط کرنا ہے ، جس سے موسمیاتی آفات سے نمٹنے کی تیاری میں اضافہ ہوگا۔وزارت منصوبہ بندی کے زیر اہتمام "ڈیٹا گورننس ماڈرنائز ہائیڈرو میٹ سروسز اینڈ امپیکٹ ایڈوائزریز" کے عنوان سے ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت ڈاکٹر عاصم ضیا نے کی جو شعبہ میں پبلک پالیسی اور کمپیوٹر سائنس کے پروفیسر ہیں۔ ورکشاپ میں وزارت منصوبہ بندی، وزارت آبی وسائل، وزارت ہوا بازی، پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس ، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سمیت مختلف سرکاری اداروں کے سرکردہ ماہرین اور فیصلہ ساز؛ فیڈرل فلڈ کمیشن (ایف ایف سی)؛ پاکستان کا محکمہ موسمیات ؛ واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا)؛ اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) اور لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز اور دیگر اداروں کے حکام نے شرکت کی۔یہ ورکشاپ پاکستان میں ہائیڈرو میٹ کے خطرات سے نمٹنے کے لیے زیادہ مربوط، موثر اقدامات کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ایک واضح ایکشن پلان اور باہمی تعاون پر مبنی فریم ورک کے ساتھ، آگے کا راستہ ملک کی ہائیڈرو میٹ خدمات اور اثرات کے مشورے میں نمایاں بہتری کا راستہ ہموار کرے گی۔