ملتان (نیٹ نیوز) بھارتی ٹیم بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کھیلنے پاکستان نہیں آئی تو ورلڈ بلائنڈ کونسل نے بھارت سے ویمنز بلائنڈ ورلڈ کپ کی میزبانی واپس لے لی۔ بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ پاکستان میں جاری ہے جس کے لیے بھارت نے اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے کے لیے این او سی دینے سے انکار کیا تھا۔ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کا26 واں اجلاس ملتان میں ہوا جس میں 7 ممالک نے شرکت کی جبکہ بھارت، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے بورڈ آن لائن اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے پر گرما گرم بحث ہوئی اور فیصلہ کیا گیا کہ حالات کی بہتری تک پاکستان اور بھارت کی میزبانی میں انٹرنیشنل ایونٹس نیوٹرل وینیو پر ہوں گے۔ اجلاس میں پاکستان نے مؤقف اختیار کیا کہ 2022ء میں بھارت نے پاکستان بلائنڈ ٹیم کو ویزا نہیں دیا، پاکستان بلائنڈ ٹیم بھارت نہیں جا سکی، ایونٹ سے محروم ہو گئی۔ اس بار جب پاکستان میزبان تھا تو بھارت نے اچانک آنے سے انکار کر دیا۔ ہمارا ایونٹ متاثر ہوا۔ اجلاس میں پاکستان بلائنڈ کونسل کے سخت مؤقف کے بعد آئندہ سال بھارت میں شیڈولڈ ویمنز بلائنڈ ورلڈ کپ کی میزبانی واپس لے لی لیکن ساتھ ہی یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ جب تک دونوں ممالک میں سیاسی کشیدگی برقرار ہے، پاکستان بھارت اپنی سرزمین پر کوئی انٹرنیشنل ایونٹ نہیں کھیلیں گے تاکہ کوئی مسلئہ نہ ہو۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ پاکستان اور بھارت اپنے انٹرنیشنل ایونٹ نیوٹرل مقام پر کرائیں۔ اس کے علاوہ اجلاس میں پاکستان کے سید سلطان شاہ کو ورلڈ بلائنڈ کونسل کا آئندہ 3 سال کیلئے صدر بھی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پاکستان آنے سے انکار ویمنز بلائنڈ کرکٹ کی میزبانی نھارت سے واپس لے لی گئی
Dec 03, 2024