اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے لوگوں نے غزہ کے شہداء کی تصاویر سوشل میڈیا پر اسلام آباد کے مظاہرین سے منسوب کیں۔ بیرسٹر گوہر کی جانب سے صرف لاتعلقی کافی نہیں ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کے اسلام آباد میں سیکڑوں ہلاکتوں سے دستبرداری کے بیان پر خواجہ آصف نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ صرف لاتعلقی کافی نہیں ہے۔ ان کے بیانات کے بعد ایک جھوٹ اور بہتان کا سیلاب آ گیا ہے۔ علی امین گنڈا پور سمیت پی ٹی آئی کی تمام اعلیٰ قیادت نے ٹی وی پر بیٹھ کر ہزاروں ہلاکتوں کا دعویٰ کیا، ایک صاحب نے تو 278 کے اعداد ایسے بتائیں جیسے انہوں نے خود لاشیں گنی ہیں۔ وزیر دفاع نے چیلنج کیا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ پی ٹی آئی 12 ہلاکتوں کے حوالے سے بھی ثبوت سامنے لائے، کسی کے جنازے کی تصویر یا پھر ورثاء کی معلومات۔ خواجہ آصف نے بیرسٹر گوہر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ گوہر صاحب آپ کے لوگوں نے غزہ کے شہیدوں کی تصاویر ایکس پر شیئر کیں، معذرت کے ساتھ یہ جعلسازی اور فراڈ تحریک انصاف کے کلچر سے متعلق بہت کچھ بیان کرتا ہے۔
بیرسٹر گوہر کی لاتعلقی کافی نہیں، ہلاکتوں کے ثبوت لائے جائیں: خواجہ آصف
Dec 03, 2024