فیصل واوڈا، پی پی رہنمائوں کی بلاول سے ملاقاتیں، وفاقی حکومت پر تحفظات 

Dec 03, 2024

اسلام آباد؍ کراچی (نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واوڈا نے ملاقات کی۔ زرداری ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، نفرت اور تقسیم کی سیاست سے بھی پیدا بحران پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گلگت، بلتستان کے گورنر سید مہدی شاہ بھی ملے۔ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ بلاول بھٹو زرداری سے سینئر پی پی رہنما راجہ پرویز اشرف اور گورنر خیبر پی کے فیصل کریم کنڈی نے الگ الگ ملاقات کی۔ راجہ پرویز اشرف اور بلاول بھٹو نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ گورنر خیبر پی کے کے ساتھ صدر پی پی خیبر پی کے محمد علی شاہ باچا اور جنرل سیکرٹری شازی خان بھی ملاقات میں شریک  تھے۔ پی پی کے عہدیداروں نے بلاول بھٹو سے گفتگو کرتے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال مخدوش  ہے۔ محمد علی شاہ  اور شازی خان نے بلاول بھٹو کو وفاقی حکومت پر تحفظات سے آگاہ کیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے ہمراہ کرم میں قیام امن سے متعلق گرینڈ جرگے سے ملاقات کی ہے۔ گورنر نے خیبر پی کی دہشت گردی اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم پر ہونے والی اے پی سی پر بھی بریفنگ دی۔ پیپلز پارٹی کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیرِ صدارت بلاول ہاؤس میں ہوا۔ مقصد موجودہ سیاسی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی اور غور و خوض کرنا تھا۔ اراکین نے سینٹرل پنجاب، جنوبی پنجاب، بلوچستان اور سندھ سمیت وفاقی سطح پر سیاسی، پالیسی اور ترقیاتی چیلنجز سے متعلق اپنے جاری اور حل طلب مسائل پر بات چیت کی گئی۔ پالیسی معاملات جیسا کہ سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی، پانی کے انتظام کے تنازعات، زراعت اور ڈیجیٹل معیشت کو درپیش چیلنجز اور عوامی مفاد کی قانون سازی پر تفصیلی گفتگو  کی گئی۔ بلاول بھٹو زرداری نے معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر معذور افراد کے لیے ایک جامع اور مساوی معاشرہ بنانے کے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ معذور افراد کو مساوی مواقع فراہم کرنا اور عوامی بنیادی ڈھانچے، صحت اور تعلیم تک رسائی دینا صرف قانونی ذمہ داری نہیں بلکہ ایک ترقی پسند معاشرے کا اخلاقی فرض بھی ہے۔

مزیدخبریں