معیشت بہتر اب گروتھ کی طرف بڑھنا ہے وزیراعظم : وفاقی کا بینہ انہتا پسندی روکنے کیلئے قومی پالیسی باننے کی منظوری دیدی

Dec 03, 2024

 اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی+نوائے وقت رپورٹ )  وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 70 مہینوں بعد مہنگائی کم ترین سطح پر آگئی ہے جب کہ آرمی کی مکمل گرفت سے کی وجہ سے افغانستان کو سمگلنگ زیرو ہوگئی۔ مہنگائی کم ترین سطح پر آنا پاکستان کے لیے اچھی خبر ہے، رواں مہینے مہنگائی  4.9 فیصد پر پہنچی ہے۔اس سے عام آدمی کا بوجھ کم ہوگا، امید کی جانی چاہیے کہ اسٹیٹ بینک کی اگلے میٹنگ میں پالیسی ریٹ میں مزید بہتری کے امکانات ہوں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پچھلے دنوں دھرنوں کے باعث ملک میں ہیجانی کیفیت رہی، ہر طرف افرا تفری کا ساماں، تھوڑ پھوڑ کی جا رہی تھی، اپنے انتہائی غلط اور غیر قانونی ہتھکنڈوں سے ملک کی بے عزتی کرائی گئی، رواں برس ہماری ریونیو کلیکشن زیادہ ہے، سال میں 7 لاکھ 90 ہزار ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی ہے،کم از کم میرے اندازے کے مطابق 5 ارب ڈالرز کی آمدن ہوئی ہوگی۔ قیمت میں کمی کی ایک وجہ یہ ہے کہ افغانستان کو چینی کی سمگلنگ زیرو ہوگئی، (سرحدوں پر) رینجرز، آئی بی سمیت تمام فورسز وہاں پر موجود ہیں، سمگلنگ ختم ہوئی ہے آرمی کی مکمل گرفت سے، اس کی وجہ سے یہ اسمگلنگ زیرو ہوگئی۔  میں یہ عرض کرنا چاہتا ہوں کہ افغانستان کو اسمگلنگ ختم کرنے والا فارمولا آپ پر لاگو نہیں ہونا چاہیے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پی آئی اے کو یورپ میں پروازیں شروع کرنے کی دوبارہ اجازت ملنے پر وزیر دفاع خواجہ آصف اور سابق وزیر خواجہ سعد رفیق، اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں اور قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔وہ گھاؤ لگا ہے جس کا آپ سوچ بھی نہیں سکتے، ایک منچلے وزیر نے ایوان میں بیان دیا کہ یہ جعلی پائلٹس ہیں، ان کی ڈگریاں جعلی ہیں، اس کے بعد جو ہوا، وہ تاریخ کا حصہ ہے، اربوں ڈالرز کا نقصان پہنچا ہے، پی آئی اے کی نجکاری میں رکاوٹ کی ایک وجہ یہ پابندی بھی تھی۔ علاوہ ازیں د شہباز شریف ''ون واٹر سمٹ'' میں شرکت کے لئے 3 اور 4 دسمبر کو سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ وزیراعظم سربراہی اجلاس میں کلیدی خطاب کریں گے جس میں تازہ پانی کے وسائل اور آبی زمینوں کے تناظر میں بحالی، تحفظ اور موافقت پر توجہ دی جائے گی۔ علاوہ ازیں   شہباز شریف کی زیرصدارت پاکستان اور سعودی عرب کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری کی پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے مابین جاری مختلف منصوبوں کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار  کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ سعودی عرب کے ساتھ متعدد شعبوں میں اشتراک جاری ہے۔ تعاون کو مزید وسعت دینے کے خواہشمند ہیں۔ وزیراعظم  نے متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کو ان کے 53 ویں قومی دن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یو اے ای کا ترقی اور خوشحالی کا یہ سفر شیخ زاید بن سلطان النہیان مرحوم کی دانش اور فہم و فراست سے ممکن ہوا۔ 

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی کابینہ نے  پرتشدد انتہاپسندی کی روک تھام کی قومی پالیسی 2024 کی منظوری دے دی۔ جبکہ کابینہ نے متعلقہ وزارت اور عدالتی احکامات کی روشنی میں خصوصی عدالتوں کی حدود/ دائرہ کار میں تبدیلی، سپیشل کورٹس (کسٹمز، ٹیکسیشن اینڈ اینٹی سمگلنگ) کوئٹہ اور خضدار کے دائرہ کار میں تبدیلی اور  ایڈیشنل سیشن ججز اور دوسری متعلقہ عدالتوں کو لائرز ویلفیئر اینڈ پروٹیکشن ایکٹ 2023 کے تحت مقدمات سننے کا اختیار دینے کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی کابینہ نے وزارت تجارت کی سفارش پر مونو سوڈیم گلوٹامیٹ (اجینو موتو) کی درآمد پر پابندی اٹھانے کے سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے پر نظر ثانی درخواست دائر کرنے کی منظوری دے دی۔ یہ فیصلہ ماہرین کی خصوصی کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں کیا گیا ہے جو وزیراعظم آفس کی ہدایت پر بنائی گئی تھی۔ اس کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں مونو سوڈیم گلوٹامیٹ کو انسانی صحت کے لئے محفوظ قرار دیا ہے۔ یونیورسٹی آف کیمبرج، سینٹ انٹونیز کالج یونیورسٹی آف آکسفورڈ، یونیورسٹی آف جارڈن، پیکنگ یونیورسٹی چین، یونیورسٹی آف ہائیڈل برگ جرمنی میں پاکستان چیئرز کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں کی تجدید کی منظوری دے دی۔ سینٹر آف ایکسیلنس یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے بورڈ آف گورنرز میں ڈاکٹر حبیب الرحمن اور ڈاکٹر کامران انصاری کی بطور سبجیکٹ ایکسپرٹس نامزدگی کی منظوری‘ سینٹر آف ایکسیلنس ان منرالوجی، یونیورسٹی آف بلوچستان کوئٹہ کے بورڈ آف گورنرز میں ڈاکٹر ممتاز محمد شاہ اور ڈاکٹر محمد احمد فاروقی کی بطور سبجیکٹ ایکسپرٹس نامزدگی کی منظوری‘ وزارت داخلہ کی سفارش پر اسلام آباد سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے تجویز کی اصولی منظوری دے دی۔ سندھ ہائی کورٹ کراچی کے احکامات کی روشنی میں خصوصی عدالتوں کی حدود/دائرہ کار میں تبدیلی کی منظوری دے دی۔ معزز بلوچستان ہائی کورٹ ، کوئٹہ کے احکامات کی روشنی میں سپیشل کورٹس (کسٹمز، ٹیکسیشن اینڈ اینٹی سمگلنگ) کوئٹہ اور خضدار کے دائرہ کار میں تبدیلی کی بھی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش اور پشاور ہائی کورٹ، لاہور ہائی کورٹ، اسلام آباد ہائی کورٹ، سندھ ہائی کورٹ کراچی، بلوچستان ہائی کورٹ کوئٹہ کے احکامات کی روشنی میں ایڈیشنل سیشن ججز اور دوسری متعلقہ عدالتوں کو لائرز ویلفیئر اینڈ پروٹیکشن ایکٹ 2023 کے تحت مقدمات سننے کا اختیار دینے کی بھی منظوری دیدی۔

مزیدخبریں