مہنگائی ساڑھے 6برس کی کم ترین سطح پر، قرضوں پر سود میں بچت ، مالی استحکام آئیگا : وزارت خزانہ 

Dec 03, 2024

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) قیمتوں کے عمومی اعشاریہ (سی پی آئی) نومبر میں 4.9 فیصد کی سطح پر ریکارڈکی گئی ہے جو اپریل 2018ء کے بعد مہنگائی کی کم ترین سطح ہے۔  وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ  گزشتہ ساڑھے چھ سال اور گذشتہ 78ماہ کی کم ترین سطح ہے۔ وزارت خزانہ نے توقع  ظاہر کی ہے کہ  افراط زر میں کمی سے  مانیٹری  پالیسی میں آسانی اور سرمایہ  کی لاگت میں کمی کا باعث  بننا چاہئے۔ پاکستان ادارہ برائے شماریات (پی بی ایس) کی طرف سے جاری کردہ ماہانہ رپورٹ کے مطابق نومبر میں صارفین کے لئے قیمتوں کا عمومی اعشاریہ 4.9 فیصد ریکارڈ کیا گیا جو اکتوبر میں 7.2 فیصد اور گزشتہ سال نومبر میں 29.2 فیصد تھا۔ شہری علاقوں میں صارفین کے لئے قیمتوں کا عمومی اشاریہ 5.2فیصد تک گرگیا ہے جو اکتوبر میں 9.3 فیصد اور گزشتہ سال نومبر میں 30.4 فیصد تھا۔ دیہی علاقوں میں صارفین کے لئے قیمتوں کا اشاریہ 4.3فیصد ریکارڈ کیا گیا جو اکتوبر میں 4.2فیصد اور گزشتہ سال نومبر میں 27.5فیصد تھا۔ نومبر میں صارفین کے لئے قیمتوں کا حساس اشاریہ (ایس پی آئی) 7.3فیصد ریکارڈ کیا گیا جو اکتوبر میں 9.7فیصد اور گزشتہ سال نومبر میں 30.6فیصد تھا۔ ہول سیل پرائس انڈکس نومبر میں 2.3فیصد ریکارڈ کیا گیا جو اکتوبر میں 3.9فیصد اور گزشتہ سال نومبر میں 26.4 فیصد تھا۔ نومبر کے دوران چکن کی قیمتوں میں 16.94 فیصد، دال ما ش 7.36فیصد، تازہ سبزیاں 7.17فیصد، تازہ پھل 6.73فیصد، دال چنا 4.33فیصد، پیاز 3.03فیصد، مصالحہ جات 2.31فیصد، چینی 2.4فیصد، گڑ 2.06فیصد، آٹا1.52فیصد، دال مسور 1.24فیصد، چاول 0.86فیصد اور گندم سے بنی مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی۔ اسی طرح بجلی کی قیمتوں میں 0.22فیصد، آلات کی قیمت میں 0.13فیصد، سٹیشنری 0.05فیصد اور تعمیراتی سامان کی قیمت میں 0.03 فیصدکی قیمتوں میں کمی ہوئی۔

مزیدخبریں