لاہور (لیڈی رپورٹر ) چیئر مین اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان علامہ راغب نعیمی نے یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کیااورصدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد سے ملاقات کی۔ رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ابراہیم حسن مراد نے چیئر مین اسلامی نظریاتی کونسل کی علمی و تحقیقی کاوشوں اور قانون سازی میں شرعی رہنمائی کو سراہا۔علامہ راغب نعیمی نے ابراہیم مراد کو یو ایم ٹی کے پاکستان کی نمبر ون نجی شعبہ کی یونیورسٹی بننے پر مبارکباد پیش کی۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، علم و تحقیق کے میدان میں مشترکہ خدمات فراہم کرنے اور مسلم قیادت کیلئے بہترین لائحہ عمل تیار کرنے پر اتفاق کیا۔ اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان کی گولڈن جوبلی تقریب یو ایم ٹی میں ہوگی، جس میں کونسل کے تاریخی کردار کو اجاگر کیا جائیگا۔آخرمیں ابراہیم حسن مراد نے علامہ راغب نعیمی کو سوینئر بھی پیش کیا۔ بعد ازاں علامہ راغب نعیمی نے شعبہ اسلامی فکر و تہذیب کے زیر اہتمام پالیسی ڈسکشن سیشن بعنوان ''ٹیکنالوجی کے دور میں مسلم قیادت کو درپیش چیلنجز اور کردار'' میں بطور پینلسٹ شرکت کی۔
علامہ راغب نعیمی کی ابرہیم حسن مراد سے ملاقات‘باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
Dec 03, 2024