لاہور+ قصور+ شرقپور+ نارنگ منڈی+ کاہنہ (نامہ نگار + نمائندگان) ڈاکوؤں اور چوروں نے ڈکیتی وچوری کی متعدد وارداتوں میں شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں و دیگر سامان لوٹ لیا۔ کھڈیاں میں ڈاکوؤں نے شہری کو قتل کر دیا جبکہ شرقپور میں ڈاکوؤں نے خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے جوہر ٹاؤن کے علاقے میں محمد موسی کے گھر گھس کر اہلخانہ کو یرغمال بنا کر6 لاکھ روپے مالیت کی نقدی، زیورات، موبائل فون ودیگر سامان، اقبال ٹاؤن کے علاقے میں یوسف اور ان کی فیملی سے 4 لاکھ روپے مالیت کی نقدی وسامان، چوہنگ کے علاقے میں عاصم سے گن پوائنٹ پر 75ہزار روپے، سٹی رائیونڈ کے علاقے میں امجد سے موٹر سائیکل اور ہزاروں روپے نقدی، گرین ٹاؤن میں علی سے 30ہزار روپے اور موبائل فون، سندر میں ابوبکر سے 20ہزار روپے اور موبائل فون، کاہنہ میں عظیم سے گن پوائنٹ پر 75سو روپے اور موبائل فون، شاہدرہ کے علاقے میں ماجد سے 5ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے سمن آباد کے علاقے میں وقار کے گھر 4 لاکھ روپے مالیت کی نقدی، زیورات ودیگر سامان چوری کرلیا۔ چوروں نے غالب مارکیٹ، گجر پورہ، باغبانپورہ اور مصری شاہ کے علاقوں میں سے 4 گاڑیاں، شادمان اور گوالمنڈی کے علاقوں میں سے 2 رکشے جبکہ فیکٹری ایریا، شمالی چھائونی ، اقبال ٹاؤن، شادباغ، رنگ محل، نولکھا، سٹی رائیونڈ، ہنجروال، قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ اور سبزہ زار کے علاقوں سے 10 موٹر سائیکلیں چوری کرلی گئیں۔ علاوہ ازیں تھانہ کھڈیاں خاص کی حدود دیپالپور کچا پکا روڈ پر ڈاکوؤں نے چھبر ہٹھاڑ کے رہائشی آصف سے چار لاکھ روپے اور موٹر سائیکل چھین لی اور بہادر پورہ کے رہائشی موٹر سائیکل سوار واجد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ دریں اثناء سامولانہ روڈ پر 15 ڈاکوؤں نے متعدد راہ گیروں کو نقدی و موبائل فونز سے محروم کردیا۔ خاتون سے تین ڈاکوؤں نے اجتماعی زیادتی کی۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ زیادتی کا شکار ہونے والی عورت عزت کی وجہ سے خاموش رہی۔ کوئی قانونی کارروائی نہیں کرائی۔ نارنگ کے رہائشی بدنام زمانہ ملزمان مقابلہ میں ہلاک ہوگئے۔ ڈی ایس پی محمد علی بٹ کی سربراہی میں اقبال ٹائون آرگنائز کرائم یونٹ لاہور کی ٹیم نے بدنام زمانہ ڈاکو فصیح بٹ اور بنٹی مسیح جو ساندہ کے علاقہ میں کانسٹیبل احمد بٹ کے قتل میں بھی ملوث تھے کی گرفتاری کیلئے نارنگ کے سرحدی گاؤں دھوپ سڑی میں چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی‘ خوش قسمتی سے پولیس ملازمین محفوظ رہے اور پولیس کی جوابی فائرنگ سے دونوں ملزمان فصیح بٹ اور بنٹی مسیح موقع پر ہلاک ہو گئے۔ کاہنہ کے علاقے تھہ پنجو میں پولیس مقابلہ کے دوران گھر سے ڈکیتی کر کے فرار ہوتے 2 ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔ قصور+ فیصل آباد (نمائندگان) اوباشوں نے لڑکی اور چار لڑکوں کو ہوس کا نشانہ بنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ پیپلز کالونی کے علاقہ ڈی گراؤنڈ میں اوباش ملزم ریاض نے 13 سالہ لڑکے‘ تھانہ منصور آباد کے علاقہ قائد اعظم پارک میں اوباش ملزم احمد اور اس کے بھائی حسنین نے سترہ سالہ لڑکے‘ تھانہ صدر تاندلیانوالہ کے علاقہ 400 گ ب میں اوباش ملزم نے لڑکے کو زبردستی زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ دریں اثناء تھانہ منڈی عثمانوالہ کے علاقے سلامت پورہ میں اظہر وغیرہ تین افراد نے نشہ آور جوس پلا کر نوجوان کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور ویڈیو بنا لی۔ علاوہ ازیں راجہ جنگ میں اوباش ملزم انیس نے گھر میں گھس کر لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔