اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) برطانوی اخبار گارڈین سے بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ترجمان مشعال یوسف زئی اور سابق خاتون اول کی بہن مریم ریاض وٹو نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کو اپنی پارٹی کے ’’کمپرومائز‘‘ لیڈرز سے زیادہ بشریٰ بی بی پر اعتماد ہے۔ بشریٰ بی بی کی ترجمان مشعال یوسف زئی اور مریم ریاض وٹو نے برطانوی اخبار گارڈین سے گفتگو کی۔ معاونین نے کہا کہ پارٹی رہنما، بانی کی ہدایات پر پوری طرح عمل نہیں کرتے جس کے سبب بشریٰ بی بی کو عملی میدان میں آگے لایا گیا۔ مشعال یوسف زئی کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی، پارٹی قیادت کی طرف سے اپنی ہدایات عوام تک نہ پہنچانے اور ان کے جوڑ توڑ سے سخت مایوس ہیں، بانی پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی سے کہا ہے کہ وہ اب ان کا پیغام براہ راست پہنچائیں۔ بانی پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی کے ذریعے ہی فائنل کال کا پیغام دیا تھا کہ اسلام آباد پہنچ کر حتمی احتجاج کرو۔ بشریٰ بی بی کے سیاسی عزائم نہیں، وہ پرسکون روحانی شخصیت ہیں۔ بشریٰ بی بی کی بہن مریم ریاض وٹو نے الزام عائد کیاکہ بانی کے قریبی ساتھیوں کا کردار مشکوک ہے، لگتا ہے کہ اپنے فائدے کیلئے دونوں طرف کھیل رہے ہیں، بشریٰ بی بی پر احتجاج کے دوران اسلام آباد کے مرکز جانے سے روکنے کیلئے دباؤ ڈالا گیا۔ جبکہ پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا نے انٹرویو میں کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کے پاس پارٹی میں کوئی مستقل پوزیشن نہیں ہے۔ پی ٹی آئی موروثیت پر یقین نہیں رکھتی۔ شیر افضل مروت نے انٹرویو میں کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کی بہن اور مشعال یوسفزئی کا جو بیانیہ سامنے آ رہا ہے وہ سنگین ہے۔ یہ کہنا کہ لیڈرز کی لاشیں کیوں نہیں گریں، پی ٹی آئی کے کچھ لوگوں کے رابطے ایجنسیوں کے سابق کارندوں سے ہیں۔ لیڈرشپ کو برا بھلا کہنے سے مایوسی پھیل رہی ہے۔ بشریٰ بی بی کی بہن کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ پارٹی کو ان بیانات سے تکلیف ہو رہی ہے۔ بانی کو مداخلت کرنی چاہئے۔ یہ 9 مئی کی صورتحال پیدا کر کے ہمیں خوفزدہ کرنا چاہتے ہیں۔
پارٹی رہنما کمپرومائزنگ‘ بانی کو بشریٰ بی بی پر اعتماد: مشعال‘ مریم وٹو
Dec 03, 2024