اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیرخزانہ و محصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے کہاہے کہ حکومت اقتصادی استحکام اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے پروگرام کو آگے بڑھارہی ہے، نجکاری، وفاقی حکومت کی تشکیل نو، پنشن اور ریاستی ملکیتی اداروں میں اصلاحات کاعمل جاری ہے۔انہوں نے یہ بات پیرکویہاں برطانیہ کی فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کی انسانی اور ترقیاتی امور کی ڈائریکٹر جنرل میلینڈا بوہینن کے ساتھ ملاقات میں کہی۔ برطانیہ کی فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس ترقیاتی ڈائریکٹرجو موئر،سینئر ماہر اقتصادیات لوئی ڈیناور وزارت خزانہ کے سینئر افسران بھی اس موقع پرموجودتھے۔ وزیرخزانہ نے وفد کو معاشی استحکام اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے پروگرام کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے اس حوالہ سے اہم اقدامات کا خاکہ پیش کیا جن میں نجکاری، وفاقی حکومت کی تشکیل نو، پنشن اور ریاستی ملکیتی اداروں میں اصلاحات شامل ہیں۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ٹیکس ریونیو میں سالانہ بنیادوں پر 25.6 فیصد اضافہ ہوا ہے۔میلینڈا بوہینن نے حکومت کے جامع اصلاحاتی پروگرام کو سراہا اورں برطانیہ کی فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستا ن عالمی بینک کے ساتھ دس سالہ ’’کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک’’ میں شامل ہونے والا پہلا ملک ہے۔انہوں نے اس فریم ورک کوآبادی میں اضافہ، بچوں میں غذائی قلت، اور ماحولیاتی وموسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے اہم قراردیا۔ انہوں نے پائیدار ترقی کے لیے حکومت کے عزم کااعادہ بھی کیا۔وفاقی وزیر اور بوہینن نے اصلاحات کے لئے ردعمل پرمبنی اور فعال نقطہ نظر اختیار کرنے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ وزیر خزانہ نے کہاکہ دیرپا اثرات کے حصول اور پاکستان کی طویل مدتی اقتصادی و سماجی ترقی میں کردار ادا کرنے کے لئے اصلاحاتی اقدامات کومستقل مزاجی کے ساتھ جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔
حکومت اقتصادی استحکام ‘ڈھانچہ جاتی اصلاحات آگے بڑھارہی،محمداورنگزیب
Dec 03, 2024