لاہور(این این آئی+خبر نگار)لاہور ہائیکورٹ نے بھاٹی چوک سے پرانی مچھلی منڈی کی منتقلی کے معاملے پر دکانیں سیل کرنے کیخلاف درخواستوں پر ضلعی انتظامیہ سے جواب طلب کر لیا۔بھاٹی چوک سے پرانی مچھلی منڈی کی شہر سے باہر منتقلی کے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ میں دکانیں سیل کرنے کیخلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی، جسٹس عابد عزیز شیخ نے ظفر اقبال اور دیگر دکانداروں کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزاروں کے وکیل شان سعید گھمن ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ نے پرانی مچھلی منڈی کو شہر سے باہر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا، عدالت نے مچھلی منڈی کی منتقلی کیخلاف حکم امتناعی جاری کیا، اسسٹنٹ کمشنر نے عدالتی حکم کے باوجود دکانیں سیل کیں، دکانیں سیل ہونے سے کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت انتظامیہ کو دکانیں ڈی سیل کرنے کا حکم دے۔عدالت نے بھاٹی چوک سے پرانی مچھلی منڈی کی منتقلی کے معاملے پر دکانیں سیل کرنے کیخلاف درخواستوں پر ضلعی انتظامیہ سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
ہائیکورٹ:بھاٹی چوک میں مچھلی کی دکانیں سیل کرنے کیخلاف انتظامیہ سے جواب طلب
Dec 03, 2024