گنی (نوائے وقت رپورٹ) فٹ بال میچ کے دوران ریفری کے متنازع فیصلہ پر سٹیڈیم میدان جنگ بن گیا۔ 100 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق مغربی افریقہ میں ملک گنی کے دوسرے بڑے شہر انزیریکوری میں فٹبال میچ کے دوران تماشائیوں میں جھگڑے کا واقعہ پیش آیا۔ ہسپتال کے ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ ہسپتال میں جہاں تک آنکھ دیکھ سکتی ہے لاشیں ہی لاشیں پڑی ہیں جبکہ کچھ لاشیں ہال میں بھی پڑی ہیں، مردہ خانہ بھی لاشوں سے بھر گیا۔ ڈاکٹر نے بتایا کہ 100 کے قریب لاشیں ہسپتال اور مردہ خانے میں پڑی ہیں جبکہ ایک دوسرے ڈاکٹر نے بتایا کہ درجنوں لاشیں سپتال لائی گئیں۔ بعد ازاں گنی حکومت کی جانب سے بتایا گیا کہ فٹبال میچ کے دوران ہونے والے تصادم کے نتیجے میں 56 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق متشعل مظاہرین نے انزیریکوری کے پولیس سٹیشن کو بھی آگ لگا دی۔