انسداد دہشت گردی عدالت نے 281 پی ٹی آئی کارکنوں کو شناخت پریڈ کیلئے جیل بھجوا دیا

Dec 03, 2024

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس نے  24نومبر احتجاج کے تناظر میں گرفتار پی ٹی آئی کے 30ورکر کی شناخت پریڈ کیلئے مزید7 روزجیل رکھنے کی اجازت دے دی۔ شناخت پریڈ کیلئے اڈیالہ جیل بھجوائے گئے 30 ملزموں کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت سے شناخت پریڈ کیلئے دئیے گئے گزشتہ ریمانڈ میں7  دن توسیع کرنے کی استدعاکرتے ہوئے بتایا کہ ملزموں کی شناخت پریڈ4  دسمبر کو ہونی ہے۔ علاوہ ازیں انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے ڈی چوک احتجاج پر گرفتار دو خواتین کو جوڈیشل جبکہ281 مردکارکنان کو شناخت پریڈ کیلئے جیل بھیج دیا۔ پولیس کی جانب سے تھانہ کوہسار کے دو مقدمات، تھانہ کراچی کمپنی، مارگلہ، سیکرٹریٹ اور ترنول میں ایک ایک مقدمہ میں گرفتاردو خواتین سمیت283 پی ٹی آئی کارکنوں کو منہ پر کپڑے ڈال کر عدالت پیش کیاگیا اور شناخت پریڈ کیلئے جیل بھجوانے کی استدعا کی گئی۔ ملزموں کے وکیل نے شناخت پریڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ ملزموں کو چھ دنوں سے پولیس نے گرفتار کر رکھا ہے، شناخت پریڈ کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم نامہ بھی موجود ہے۔

مزیدخبریں