عافیہ کیس ، وزیراعظم نے امریکہ جانیوالے وفد کی معالی معاونت کی سمری پر دستخط کر دئیے : ایڈیشنل اٹارنی جنرل 

اسلام آباد (وقائع نگار) امریکا میں قید پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی صحتیابی اور رہائی سے متعلق ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی درخواست پر اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور نمائندہ وزارت خارجہ عدالت میں پیش ہوئے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے عافیہ صدیقی کیس میں امریکا جانے والے وفد کی مالی معاونت کی سمری پر دستخط کر دیے ہیں۔ عافیہ صدیقی کی صحت کی جانچ کیلئے پاکستان سے ڈاکٹرز پر مشتمل وفد امریکا جائے گا۔ نمائندہ وزارت خارجہ کا اس حوالے سے بتانا ہے کہ وفد کے ویزوں کی درخواست وزارت خارجہ نے بھیج دی، امید ہے ایک ہفتے تک منظوری ہو جائے گی۔ وزارت خارجہ کے نمائندے کا بتانا ہے کہ ہم ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی ہر ممکن مدد کر رہے ہیں۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ذاتی وجوہات پر سینیٹر عرفان صدیقی وفد کے ساتھ نہیں جا سکتے، حکومت کی جانب سے سینیٹر بشریٰ وفد کے ساتھ امریکا جائیں گی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے متعلق کیس کی سماعت 13 جنوری تک ملتوی کر دی۔

ای پیپر دی نیشن