سرینگر (این این آئی) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں ضلع بانڈی پورہ کے علاقے کن بٹھی کے رہائشیوں نے مودی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوںکے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے سوپور-بانڈی پورہ روڈکو بلاک کردیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق لوگوں نے پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں قابض حکام کی ناکامی کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ مسئلہ متعدد درخواستوں کے باوجود سالہاسال سے حل نہیں ہواہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ قابض حکام ہماری واٹر سپلائی سکیم کو دوسرے علاقوں کی طرف موڑ دیتے ہیں جس سے وہ مقامی ندیوں کا آلودہ پانی پینے پر مجبورہیں۔ مظاہرین نے کہاکہ انہیں پانی لانے کے لیے ایک کلومیٹر پیدل چلنا پڑتا ہے اورقابض حکام بنیادی انسانی ضروریات کو بھی نظر انداز کررہے ہیں۔ایک رہائشی فاروق احمد کاوا نے بتایاکہ ہماری واٹر سپلائی سکیم جو 2008ء میں منظور ہوئی تھی، ابھی تک غیر فعال ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس لاپرواہی کی وجہ سے وہ آلودہ پانی پینے پر مجبورہیں۔ ایک خاتون نے بتایا کہ ہمیں پانی لانے کے لیے طویل فاصلہ طے کرنا پڑتا ہے۔ مظاہرین نے قابض حکام کے خلاف نعرے لگائے اور پینے کے پانی کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ وہ مطالبات پورے ہونے تک احتجاج جاری رکھیں گے۔