لاہور (سپورٹس رپورٹر)بھارتی ٹیم پاکستان آئے گی نہ ہی پاکستانی کرکٹ ٹیم بھارت جائے گی۔ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے ڈیڈلاک ختم کرنے کیلئے فارمولا پیش کردیا گیا۔ پاکستان میں ہونیوالی چیمپئنز ٹرافی 2025 اور آئی سی سی کے دیگر ایونٹس کیلئے پی سی بی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سامنے نیا فارمولا پیش کردیا۔ فارمولا کو پارٹنرشپ یا فیوژن فارمولا کا نام دیا گیا ہے۔اس فارمولے کے تحت آئی سی سی ایونٹس میں اگلے 3 سال تک پاک بھارت میچز نیوٹرل وینیو پر ہونگے۔ کرکٹ کی عالمی باڈی نئے فارمولے پر بھارت سے بات کرے حتمی فیصلہ کرے گی۔چیمپئنز ٹرافی 2025ء پر پاکستانی کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے جسے ختم کرنے کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے پرسوں 5 دسمبر کو ایک اور بورڈ میٹنگ بلائے جانے کا امکان ہے جس میں دونوں ممالک کے بورڈ اپنے دو ٹوک مؤقف پیش کرینگے جس کے بعد آئی سی سی ایونٹ کے حوالے سے حتمی فیصلہ کریگا۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پی سی بی اور بی سی سی آئی کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے جس کے بعد آئی سی سی نے بورڈ میٹنگ دوبارہ بلانے کا فیصلہ کرلیا، آئی سی سی بورڈ میٹنگ 5 دسمبر کو ہونے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ میں دونوں بورڈز اپنی حکومتوں کی گائیڈ لائنز کے مطابق فیصلے کر کے آئیں گے اور فریقین اس حوالے سے دو ٹوک باتیں کریں گے۔