نیول ڈاکیارڈ حملہ: مجرموںکو انکوائری رپورٹ ریکارڈ تک رسائی دی جائے: اسلام آباد ہائیکورٹ

Dec 03, 2024

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیول ڈاکیارڈ کراچی پر حملے کے الزام میں سزائے موت پانے والے پاک بحریہ کے 5 اہلکاروں کی دستاویزات کے حصول کی درخواست پر پاکستان نیوی کو ہدایت کی ہے کہ درخواست گزاروں کے وکیل کو 9 دسمبر کو صبح 10 بجے انکوائری رپورٹ کے متعلقہ ریکارڈ تک رسائی دی جائے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے  سماعت کی۔ پاک بحریہ کے حکام نے عدالت میں موقف اپنایا کہ ہم نے دوران ٹرائل متعلقہ دستاویزات فراہم کردی تھیں، مکمل بورڈ آف انکوائری رپورٹ قومی سلامتی سے متعلق ہے، وہ فراہم نہیں کرسکتے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزمان سے متعلقہ ریکارڈ کے حصے تک ان کے وکیل کو رسائی دے سکتے ہیں، نیول ہیڈکوارٹرز میں ریکارڈ موجود ہے، وکیل متعلقہ ریکارڈ کے نوٹس لے سکتے ہیں۔ عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ آپ یقینی بنائیں گے کہ ان کو دستاویزات تک رسائی دی گئی ہے، آپ یہ بھی یقینی بنائیں کہ وکیل کو نوٹس لینے کے لیے مناسب وقت دیا جائے۔ جسٹس بابر ستار نے ہدایت کی کہ آپ نے ایک انکوائری کی ہوگی دوسرا اس کی بنیاد پر سفارشات کی ہوں گی، انکوائری کے نتیجے میں آپ نے جو اقدامات لینے کی سفارشات کی ہیں وہ آپ فراہم نہ کریں۔ بعدازاں عدالت نے سماعت ملتوی کردی۔

مزیدخبریں