وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت نیلم جہلم پراجیکٹ کے حوالے سے اجلاس

اسلام آباد(نمایندہ خصوصی )وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات، احسن اقبال کی زیر صدارت نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ (این جے ایچ پی پی) کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں منصوبے کی بحالی اور جلد از جلد آپریشنل کرنے کے لیے فوری اقدامات پر سفارشات پیش کی گئیں۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے سیکرٹری قانون و انصاف اور اٹارنی جنرل پاکستان کے ساتھ قانونی امور پر تبادلہ خیال کیا تاکہ سرنگ کے حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف ٹھوس بنیادوں پر کاروائی کی جا سکے۔ وفاقی وزیر نے واپڈا کی ناقص منصوبہ بندی کے حوالے سے اندرونی احتسابی عمل پر بھی زور دیا۔اجلاس کے دوران حکام نے وزیر کو منصوبے کے تکنیکی مسائل پر بریفنگ دی اور بتایا کہ اس حوالے سے مسائل کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔ احسن اقبال نے تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقات اور احتساب میں تاخیر کی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا، "شروع سے ہی ایک احتسابی نظام ہونا چاہیے تھا جو منصوبے کی پیش رفت اور ذمہ داریوں کا تعین کرتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اتنی بڑی مالیت کے منصوبوں میں روز اول سے ہی چیک اینڈ بیلنس کا نظام قائم کرنا ضروری ہوتا ہے۔ وفاقی وزیر نے ہدایت دی کہ منصوبے کی تحقیقات کے لیے فوری حکمت عملی کی جائے جس میں بین الاقوامی کنسلٹنٹ کی خدمات کا حصول  اور جاری کام کو تیزی سے مکمل کرنے کو ترجیح دی جائے ۔

ای پیپر دی نیشن