حالیہ دہشتگردی کے پیچھے بھارتی فوج ‘عالمی طاقتیں ہیں: گورنر سندھ 

 لاہور (نوائے وقت رپورٹ )لاہورپریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس میں گورنرسندھ کامران ٹسوری نے بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔ صدر ارشد انصاری ، نائب صدر امجد عثمانی ، سیکرٹری زاہد عابد ، جوائنٹ جعفر بن یار ، فنانس سیکرٹری سالک نواز ، ممبر گورننگ باڈی عمران شیخ، رانا شہزاد ، اعجاز مرزا ، عالیہ خان ، فاطمہ مختار بھٹی ، عابد حسین اور بدر سعید نے معزز مہمان کو کلب آمد پر خوش آمدید کہا۔ گورنرسندھ کامران ٹسوری نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے لاہور پریس کلب آیا ہوں، پنجاب و لاہور بڑا بھائی ہے،لاہوری محبت کرنے والے لوگ ہیں۔ انھوں نے کہاکہ بھارت پاکستان میں بیٹھے لوگوں کے ذریعے ملکی حالات خراب کرنا چاہتا ہے، پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے بھارتی فوج کی وردی ہے۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری کاکہناتھاکہ اگر گورنر کے پی کی جگہ وہ گورنر ہوتے تو وزیر اعلیٰ گنڈا پور کو چائے اور پکوڑے کھلاتے۔ انھوں نے کہاکہ عمران خان جس حال میں ہیں اس کے ذمہ دار وہ خود ہیں، بیرونی طاقتیں پاکستان کے حالات خراب کروانا چاہتی ہیں، 26نومبر کی رات 278 لوگوں کے قتل کا دعویٰ کیاگیا، چار دن اسلام آباد میں رہا ہوں کسی مقتول کے لواحقین نہیں ملے اگر لواحقین ہیں تو سامنے آئیں، اعلان کرتا ہوں فی لواحق بیس لاکھ روپے کی امدادی رقم دوں گا،بانی پی ٹی آئی ریاست سے مذاکرات کرنے والے بنیں وہ انہیں سہولت فراہم کر دیں گے۔انھوں نے کہاکہ ایک ماہ کے لیے آئی جی سندھ کو میری صوابدید پر دیں کوئی بڑا جرم نہیں ہوگا۔انھوں نے کہاکہ اگر بھارت چیمپینز ٹرافی کھیلنے کی خواہش رکھتا ہوا تو ضرور کھیلیں گے۔

ای پیپر دی نیشن